ٹریفک پولیس 2 ماہ میں گاڑیوں پر 7 کروڑ 53 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا

غیر معیاری سلنڈر کی تنصیب پر933 اسکول وینز تحویل میںلے لی گئیں


Staff Reporter March 10, 2014
ہیلمٹ نہ پہننے والے 23 ہزار42 موٹر سائیکل سواروں کاچالان، چھتوں پر مسافرسوار کرنیوالی150 گاڑیاںتحویل میں لے لی گئیں ، مہم کی رپورٹ جاری۔ فوٹو: فائل

ٹریفک پولیس نے 2ماہ کے دوران ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنے والی مختلف گاڑیوں کے7کروڑ 53 لاکھ روپے جرمانے کیے۔

مرکزی پولیس دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ غلام قادر تھیبو کو ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کے ضمن میں چلائی جانے والی خصوصی مہم پر مشتمل گزشتہ 2 ماہ کی کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایسٹ ، ویسٹ ، سائوتھ ، سینٹرل اور ملیر ٹریفک پولیس نے مجموعی طور پر 2 لاکھ77ہزار 445 چالان ٹکٹس کے اجرا کے تحت مختلف گاڑیوں میں کم بیش7 کروڑ 53 لاکھ روپے جرمانہ کے ساتھ ساتھ 5 ہزار 8 88 گاڑیوں کو پولیس تحویل میں لیاہے۔

رپورٹ میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی عارف حنیف نے مزید بتایا کہ رواں سال جنوری تا فروری 2014 کے اختتام تک غیر معیاری سی این جی سلنڈر کی تنصیب پر 933 اسکول وین کو پولیس تحویل میں لیا گیا اور ساتھ ہی 933چالان ٹکٹ کے تحت 4 لاکھ 66 ہزار 500 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا، غیر معیاری اور خستہ حال 2 ہزار 399 مسافر گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ بھی معطل کیے گئے، مسافروں کو چھتوں پر سوار کرنے والی3 ہزار 825 مسافر گاڑیوں کوچالان ٹکٹ جاری کیے گئے اور150ایسی گاڑیوں کو پولیس تحویل میں لیا گیا ، پریشر ہارن استعمال کرنے والی ایک ہزار 212 گاڑیوں کو چالان ٹکٹ کے ساتھ ساتھ ضبط کیے گئے پریشر ہارن کی تعداد60 رہی ، رپورٹ کے مطابق ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والے 23 ہزار42 موٹر سائیکل سواروں کو چالان ٹکٹ مجموعی طور پر گزشتہ 2 ماہ میں جاری کیے گئے جبکہ نوپارکنگ کی خلاف ورزی پر 5 ہزار500 سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔