انڈین ویلز ٹینس اینجلیک کیربر کیلیے آغاز ہی انجام بن گیا

سورانا کرسٹیااور گاربین مگروزا بھی پہلا مرحلہ عبور کرنے میں ناکام رہیں۔


Sports Desk March 10, 2014
ٹاپ سیڈ لینا، شراپووا، اینا ایوانووک کی فتوحات، مینز سنگلز میں نڈال ،راجر فیڈرر، اینڈی مرے اورواورنیکا کی جیت ،ہیوٹ 600ویں فتح پانے میں ناکام۔ فوٹو: فائل

انڈین ویلز اوپن ٹینس میں 5 سیڈ جرمن پلیئر اینجلیک کیربر کیلیے آغاز ہی انجام بن گیا، انھیں اسپین کی کوالیفائر پلیئر ماریا ٹریسا ٹورو نے دلچسپ مقابلے میں ٹھکانے لگادیا۔

سیڈنگ پلیئرز سورانا کرسٹیا اور گاربین مگروزا کو بھی ابتدائی مقابلوں میں شکست کا سامنا رہا، ٹاپ سیڈ چین کی لینا، روسی ساحرہ ماریا شراپووا، سابق عالمی نمبرون اینا ایوانووک نے ابتدائی میچز جیت کر تیسرے رائونڈ میں قدم رکھ دیے، مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ رافیل نڈال، اینڈی مرے، راجرفیڈرر اور اسٹینسلس واورنیکا نے بھی فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے تیسرے رائونڈ میں جگہ بنالی۔تفصیلات کے مطابق انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز میں 5 سیڈ پلیئر جرمنی کی اینجلیک کیربر کیلیے آغاز ہی انجام بن گیا، دیگر سیڈنگ پلیئرز کی طرح دوسرے رائونڈ سے اپنے سفر کا آغاز کرنے والی جرمنی کھلاڑی کو اسپین کی ماریا ٹریسا ٹورو بھاری پڑگئیں، کیربر نے اگرچہ پہلا سیٹ تو 6-2 کے اسکورسے جیت لیا تاہم دوسرے سیٹ میں حریف پلیئر نے ٹائی بریک پر 7-6(7/5) سے کامیابی حاصل کرکے میچ میں واپسی اختیار کی، تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں بازی ماریا ٹریساکے ہاتھ رہی، جس میں انھوں نے 6-4 سے کامیابی پائی، اسپین کی 32 سیڈ گاربین مگروزا بھی پہلی ہی آزمائش میں ناکام ہوگئیں۔

انھیں روسی کوالیفائری الیسا کیلی بونووا نے اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور6-2 سے ٹھکانے لگادیا،ٹاپ سیڈ چینی اسٹار لینا نے ہموطن ژینگ ژی کو 6-1 اور7-5 سے تختہ مشق بنایا،روسی ساحرہ ماریا شراپووانے جرمن حریف جولیا گوریجس کا قصہ 6-1اور6-4 سے تمام کردیا، سابق عالمی نمبرون اینا ایوانووک نے ابتدائی مقابلے میں یوکرین کی الینا سویٹولینا پر بمشکل تمام 4-6 ، 7-5 ، 7-6 (7/1) سے غلبہ پایا، جمہوریہ چیک کی 8 سیڈ پیٹرا کیوٹوا نے امریکی پلیئر کوکو وینڈی ویگ پر 6-1 اور6-3 سے ہاتھ صاف کرلیا، 25 سیڈ رومانیہ کی سورانا کرسٹیا کو اطالوی کھلاڑی کمیلا جیورجی نے 7-6(7/3) اور 6-3 سے قابو کرلیا، اٹلی کی فلاویا پنیٹا نے امریکی حریف ٹیلر ٹائون سینڈ کو 6-3،6-7(4/7) اور6-3 سے مات دی، 16 سیڈ آسٹریلوی پلیئر سمانتھا اسٹوسر نے اطالوی حریف فرانسسکا شیوانے کو 6-2 اور6-3 سے ہرادیا۔

مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن رافیل نڈال نے پہلی آزمائش میں جمہوریہ چیک کے راڈک اسٹیپنک کو 2-6،6-4 اور7-5 سے ٹھکانے لگادیا، تھرڈ سیڈ اور موجودہ آسٹریلین اوپن چیمپئن اسٹینسلس واورنیکا نے کروشین حریف ایوا کارلووک کیخلاف 6-3 اور7-5 سے فتح پائی، برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول کو 4-6 ، 6-3 اور6-2 سے زیر کرلیا، 7 سیڈ راجرفیڈرر نے فرانس کے پال ہنری میتھیو کو 6-2 ، 7-6(7/5) سے مات دی، 10 سیڈ کینیڈا کے میلوس رائونک نے فرنچ حریف ایڈورڈ روجر ویسلن کو سخت مقابلے کے بعد 7-6(7/4)، 4-6 ، 7-6(7/2) سے قابو کیا، جمہوریہ چیک کے ان سیڈڈ پلیئر جیری ویسلے نے 32 سیڈ اسپینش حریف پبلو الیجاندرو کیخلاف فتح پائی، ان کی جیت کا اسکور6-1 ، 2-6 اور6-1 رہا،جنوبی افریقی پلیئر کیون اینڈرسن نے آسٹریلوی اسٹار لیٹن ہیو ٹ کوکیریئر کی 600ویں فتح پانے سے محروم کردیا،انھوںنے ہیوٹ کو دوسرے رائونڈ میں7-6 (7/5)،6-4سے ہرا دیا۔