خیبر پختونخوا حکومت کا فروغِ تعلیم کیلئے طالبات کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 6 جولائی 2022
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے تعلیم نسواں کے فروغ کیلئے دور دراز علاقوں کی رہائشی طالبات کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے اجلاس ہوا، جس میں محمود خان نے  پی ٹی سی فنڈز سے بچیوں کو ٹرانسپورٹ فراہمی کیلئے بطور پائلٹ پراجیکٹ وضع کرنے کی ہدایت کی جبکہ سرکاری اسکولوں کے پی ٹی سی فنڈز میں اصلاحات پرغور اور دائرہ کار کو وسیع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔

اجلاس میں اسکولوں میں واٹر کولر، آگ بجھانے کے آلات کی تنصیب اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کی بھی تجویز زیر غور آئیں، محکمہ تعلیم کو محکمہ سماجی بہبود کے تعاون سے معذور طلبہ کو وہیل چیئر فراہمی کا لائحہ عمل بھی تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

اس دوران صوبائی سطح پر مرکزی تعلیمی بورڈ کے قیام سے متعلق امور بھی زیر غور  آئے، وزیر اعلیٰ نے 90 دنوں میں ہوم ورک مکمل کرنےاور تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی ۔

اجلاس میں صوبے کے خودمختار سرکاری اسکولوں کے موجودہ نظام کا ازسر نو جائزہ لینے اور تعلیمی اداروں کے جملہ معاملات کو مزید منظم اور بہتر انداز میں چلانے کیلئے ٹھوس تجاویز پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔