صدر اور وزیراعظم کا فاطمہ جناحؒ کی برسی پر خراج عقیدت

اپنے بھائی کے شانہ بشانہ پاکستان کی تعمیر اور قوم کی خدمت پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے، صدر مملکت، وزیراعظم


ویب ڈیسک July 09, 2022
فاطمہ جناح 1967میں 8، 9جولائی کی درمیانی شب76برس کی عمرمیں قصرفاطمہ کلفٹن کراچی میں مختصرعلالت کے بعدانتقال کرگئی تھیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 55 ویں برسی آج نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، صدر مملکت اور وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح ؒ کی ہمشیرہ مادر ملت محترمہ فاطمہ علی جناحؒ کی 55 ویں برسی آج نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ مادرملت کی برسی کے حوالے سے ملک بھر میں مسلم لیگ و دیگر سیاسی جماعتوں کے زیر اہتمام قرآن خوانی کی محفلین اور مختلف تقریبات منعقد کی گئیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم مادر ملت کو سلام پیش کرتی ہے، قائداعظم محمد علی جناح کے لیے ان کی بھرپور حمایت تحریک پاکستان کے لیے تقویت کا باعث بنی، سیاست میں ان کا قائدانہ کردار پاکستانی خواتین کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ مادرِ ملت نے اپنے بھائی محمد علی جناح کی بیماری کے دوران ان کی بہترین دیکھ بھال کی، پاکستان کے لیے ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

اسی طرح وزیراعظم میاں شہباز شریف نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادر ملت کی قیام پاکستان، بانی پاکستان اور تعمیر پاکستان کے لیے عظیم خدمات پر انہیں پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، محترمہ فاطمہ جناح، قائداعظم محمد علی جناح کی بہن ہی نہیں، بلکہ ان کی فکری وراثت کی بھی امین تھیں، ان کی زندگی کا بیش تر حصہ اپنے عظیم بھائی کی رفاقت میں بسر ہوا۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی زندگی کے آخری 19 برس محترمہ فاطمہ جناح لمحہ بہ لمحہ اپنے بھائی کے ساتھ رہیں، محترمہ فاطمہ جناح نے اپنے عظیم بھائی کے ساتھ پاکستان کے قیام کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا، قیام پاکستان کے بعد شدید علیل قائد کی خدمت اور تیمارداری میں دن رات ایک کردیا اور اپنے عظیم بھائی کی وفات کے بعد انھوں نے ان کا مشن آگے بڑھانے کا کام سنبھال لیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ فاطمہ جناح نے خواتین کو تحریک پاکستان میں متحرک و منظم کرنے اور سیاسی جوجہد میں مردوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کرنے کا حوصلہ، ہمت اور راہنمائی فرمائی، قوم مادر ملت کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، اللہ تعالیٰ مادر ملت کے درجات بلند فرمائے۔

وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم مادرِ ملت کی ہمیشہ مقروض رہے گی، وہ تحریکِ پاکستان میں قدم قدم پر قائداعظم کے ہمراہ رہیں، قائداعظم کی رحلت کے بعد مادرِ ملت قائد کے نظریئے اور ویژن کا علم تھام کر کھڑی رہیں، مادرِ ملت فاطمہ جناح کے خواتین، اقلیتوں، عوامی حقوق اور جمہوریت کے متعلق افکار ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

یاد رہے کہ فاطمہ جناح 1967ء میں 8 اور 9 جولائی کی درمیانی شب 76 برس کی عمرمیں قصر فاطمہ کلفٹن کراچی میں مختصرعلالت کے بعد انتقال کرگئی تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں