ایف بی آرنے بجٹ سازی کیلئے سیکیورٹی وانتظامی پلان تیارکرلیا

ممبر ایڈمن چیف کوآرڈینیٹر، چیف ایڈمن کو چیف سیکیورٹی آفیسرمقررکیے جانے کا امکان


Irshad Ansari March 11, 2014
غیرمتعلقہ افرادکے داخلے پرپابندی ہوگی،پلان منظوری کیلیے بورڈان کونسل میں پیش کیاجائیگا فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال 2014-15 کے لیے بجٹ سازی کے عمل کو محفوظ بنانے کے لیے سیکیورٹی اور ایڈمنسٹریٹو پلان کو حتمی شکل دے دی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ماہ یہ پلان جاری کردیا جائے گا۔

جس کے تحت ایف بی آر میں عام لوگوں اور ملاقاتیوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سینئر افسر نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ مالی سال 2014-15کے بجٹ کیلیے سیکیورٹی اور ایڈمنسٹریٹو پلان کے مسودے کو منظوری کے لیے ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں پیش کیے جانے کا امکان ہے جس کے تحت ایف بی آر کے ممبر ایڈمن شاہد حسین جتوئی کو بجٹ کے لیے چیف کوآرڈینیٹر، چیف ایڈمن کو چیف سیکیورٹی آفیسر اور سیکریٹری ایس اینڈ ایم کو ڈپٹی چیف سیکیورٹی آفیسر بجٹ تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بجٹ سازی کے عمل کو حتمی شکل دینے کے لیے آئندہ ماہ کے آخری ہفتے سے ایف بی آر میں عام لوگوں اور ملاقاتیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی جائے گی۔

جبکہ ایف بی آر نے وفاقی بجٹ اور بجٹ تقریر سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دے کر 2 صفحات پر مشتمل 13 نکاتی بجٹ ایڈمنسٹریٹو پلان کی منظوری دیدی ہے جو حتمی منظوری دینے کے لیے بورڈ ان کونسل کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، اس کے تحت افسران و ملازمین کی شناخت کے لیے دفتری شناختی کارڈز آویزاں کرنے کو لازمی قرار دیدیا جائے گا، اس بارے میں سرکلر کے ذریعے ہدایات جاری کردی جائیں گی۔ ذرائع نے بتایاکہ بجٹ کی تیاری کے لیے تمام ٹیکنیکل ونگز میں کوآرڈینیٹرز اور ڈپٹی کوآرڈینیٹر بجٹ تعینات کردیے گئے ہیں تاکہ اپنے ونگ کے حوالے سے وفاقی بجٹ کے لیے چیف کوآرڈینیٹر کے ساتھ تعاون و رابطے کو یقینی بنایا جاسکے جبکہ سیکنڈ سیکریٹری کونسل کے لیے بجٹ کے حوالے سے ہونے والے تمام اجلاسوں میں شرکت لازمی ہوگی۔