امریکی ادارے نے سندھ پولیس کو 25 موٹر سائیکلیں فراہم کردیں

موٹر سائیکلیں شعبہ تفتیش کیلیے کارگر ثابت ہونگی،مائیکل ڈوڈ مین کا تقریب سے خطاب


Staff Reporter March 12, 2014
پولیس کے شعبہ قانون و استغاثہ کیلیے امریکی ادارے کی جانب سے دی جانے والی موٹر سائیکلوں پر امریکی قونصل جنرل اور آئی جی سندھ بیٹھے ہوئے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

پولیس کے شعبہ تفتیش اور استغاثہ میں بہتری کیلیے امریکا نے25 موٹر سائیکلیں فراہم کردیں،امریکی ادارے نے 5 سال کے دوران پولیس کو29 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔

پولیس کے شعبہ تفتیش اور استغاثہ میں قانونی رموز سے واقف 100 انسپکٹر بھرتی کیے جائیں گے، تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے شعبہ تفتیش اور قانونی امور میں بہتری لانے کے لیے امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو برائے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاانفورسمنٹ کی جانب سے25 موٹر سائیکلیں فراہم کی گئی ہیں اس سلسلے میں تقریب مرکزی پولیس دفتر میں ہوئی جس میں امریکی قونصل جنرل مائیکل ڈاڈ مین اور امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو برائے انٹر نیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ کے افسران، قائم مقام آئی جی سندھ اقبال محمود ، اے آئی جی لیگل علی شیر جاکھرانی اور دیگر پولیس افسران موجود تھے۔

اس موقع پر آئی جی سندھ اقبال محمود نے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ 25 موٹر سائیکلیں سندھ پولیس کے شعبہ تفتیش اور قانونی امور میں تعینات افسران اور اہلکاروں کے لیے کارگر ثابت ہونگی، امریکی قونصل جنرل مائیکل ڈاڈ مین نے کہا کہ امریکا کراچی میں امن امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سندھ پولیس کی کوششوں میں مدد کے لیے پر عزم ہے موٹر سائیکلیں پولیس کے شعبہ قانون و استغاثہ کے افسران و اہلکاروں کو آمدورفت کی سہولت فراہم کریگی، انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ ادارہ امداد کی مد میںسندھ پولیس کو 29 ملین ڈالر فراہم کر چکا ہے، اے آئی جی لیگل علی شیر جاکھرانی نے صحافیوں کو بتایا کہ سندھ پولیس کے شعبہ تفتیش اور قانونی امور میں بہتری کے لیے100انسپکٹرز کی تعینات کیے جائیں گے جو قانونی رموز میں مہارت رکھتے ہوں گے، انسپکٹرز تھانوں میں تعینات کیے جائیں گے۔