کراچی؛ 2 بچوں کی ماں نے پھندا لگا کر خودکشی کرلی

ویب ڈیسک  منگل 19 جولائی 2022
متوفیہ 2 بچوں کی ماں اور حاملہ تھی، پولیس نے تحقیقات شروع کردی (فوٹو فائل)

متوفیہ 2 بچوں کی ماں اور حاملہ تھی، پولیس نے تحقیقات شروع کردی (فوٹو فائل)

 کراچی: سپرہائی وے جمالی گوٹھ کی رہائشی 2 بچوں کی ماں نے پراسرار طور پر گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خودکشی کر لی ۔

پولیس کے مطابق گلی نمبر5 عمر مسجد کے قریب گھر میں ایک خاتون نے پراسرار طور پر گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خود کشی کر لی ، جس کی لاش ٹیکسی کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی خاتون کی شناخت 27 سالہ رعنا زوجہ سکندر کے نام سے کی گئی۔  ایدھی ذرائع کے مطابق متوفیہ 2 بچوں کی ماں اور حاملہ تھی۔ پولیس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

دریں اثنا شاہ لطیف پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور 8 چھینے گئے موبائل فون برآمد کر لیے ۔ ترجمان پولیس کے مطابق سیکٹر C/30 میں زخمی ہونے والے ملزم کی شناخت 35 سالہ اللہ بخش ولد الہی بخش کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے گرفتار ملزم سے ایک 30 بور پستول ، چھینے گئے 8 موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی ۔

علاوہ ازیں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 افراد زخمی ہوگئے ۔ لیاقت آباد 6 نمبر طیبہ مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت 35 سالہ محمد اقبال ولد عبد العزیز کے نام سے کی گئی۔  واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے ۔

ڈیفنس کے علاقے فیز ون PSO پٹرول پمپ سنگل روڈ پر ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے۔ زخمی کی شناخت 58 سالہ بنارس خان ولد مسکین خان کے نام سے کی گئی۔ پولیس نے تمام واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔