پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ کا فائنل آج شروع ہوگا

ملتان اسٹیڈیم میں یو بی ایل اورسوئی گیس کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی


Sports Reporter March 12, 2014
مصباح الحق، اسد شفیق، عدنان اکمل اورتوفیق سمیت کئی اسٹارز جلوہ گر ہونگے۔ فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل بدھ سے سوئی نادرن گیس اور یو بی ایل کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 5 روزہ میچ کے دوران کئی اسٹار پلیئرز ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ایس این جی پی ایل کے کپتان مصباح الحق میچ سے قبل ملتان پہنچ کر ٹیم کو جوائن کرلیں گے،ملک بھر میں جاری بارشوں سے مزاکرکرا ہونے کا خدشہ بھی ہے،منگل کو ملتان اسٹیڈیم کی انتظامیہ نے سخت محنت سے ایک مرتبہ پھر میدان کو کھیلنے کے قابل بنا لیا،اگر مزید بارش نہ ہوئی تو میچ کا انعقاد ممکن ہوسکے گا۔ دوسری طرف شائقین کی بھرپور دلچسپی کی پیش نظر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ قومی کھلاڑیوں کی ملتان آمد پر انھیں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے ۔ مختلف سیکیورٹی اداروں نے گذشتہ شام اسٹیڈیم کا چارج سنبھال لیا اور داخلے کے تمام دروازوں پر واک تھرو گیٹ نصب کر دیے، منگل کی شام دونوں ٹیموں نے ملتان کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس بھی کی، سوئی گیس کی ٹیم مصباح' اسد شفیق' بلاول بھٹی' عدنان اکمل' توفیق عمر' یاسر عرفات اور سمیع اللہ نیازی سے سجی ہے تاہم مصباح گزشتہ روز بھی ٹیم جوائن نہ کر سکے۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش سے واپسی پر وہ فیصل آباد چلے گئے اور امکان ہے کہ بدھ کی صبح ملتان پہنچ جائیں گے، سمیع اللہ نیازی نے گذشتہ شام منیجر کو رپورٹ کر دی ہے۔