پی ٹی آئی اور ق لیگ کی ڈپٹی اسپیکرپنجاب کی رولنگ کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

ویب ڈیسک  جمعـء 22 جولائی 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

لاہور: ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی رولنگ کے خلاف پی ٹی آئی اور ق لیگ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب اور شہباز شریف کی ڈرامائی جیت کے بعد مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی نے دوست محمد مزاری کی جانب سے دی جانے والی رولنگ کو سپریم کورٹ میں چلینج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں ق لیگ اور پی ٹی آئی کے اراکین مشترکہ درخواست دائر کرانے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچے۔

سپریم کورٹ پہچنے والوں میں چوہدری پرویزالہیٰ، فواد چوہدری، حماد اظہر، یاسمین راشد، سابق وزیر قانون راجہ بشارت، سابق ایڈوکیٹ جنرل پنجاب سمیت وکلا بڑی تعداد میں موجود تھے۔

سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے آئین توڑا اور توہین عدالت کی، دوست محمد مزاری پر آرٹیکل 6 لگتا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف درخواست تیار کرلی گئی ہے، سپریم کورٹ میں صبح اس درخواست پر سماعت ہوگی۔

سابق ایڈوکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس احمد نے کہا کہ رن آف الیکشن ویسے ہی ہونا ہے جیسے پہلے ہوا، چوہدری شجاعت حسین خود ممبر پارلیمنٹ نہیں، ممبران کو ووٹ ڈالنے کی ہدایت پارلیمانی لیڈر کرتاہے نہ کہ پارٹی سربراہ، یہ کیسے ہوسکتا ہے پارٹی ہیڈ اپنے ممبران کو نہ بتائے اور ڈپٹی اسپیکر کو بتائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط تشریح کی، یہ ایک فاشسٹ اقدام ہے۔

پی ٹی آئی پنجاب کی صدر ڈاکٹر یاسمین راشت نے کہا کہ فوری عدالت کو کھولا جائے اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے، حالات خراب ہو جائیں گے، ہم سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں پورا پاکستان باہر نکل رہا ہے۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ جانے جبکہ پی ٹی آئی نے ملک بھر میں مظاہروں کا اعلان کردیا۔

ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے اراکین کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں اسپیکر رولنگ کومسترد کرتے ہوئے دونوں جماعتوں نے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کے مسلم لیگ ن کے نا آنے والے 7 اراکین کے ووٹ بھی انتخاب میں شمار کئے گئے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے اسپیکر رولنگ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہماری گنتی واضح ہوگئی،ہمارے 186 ارکان چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔

پی ٹی آئی وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے 186 ارکان پٹیشن فائل کرنے سپریم کورٹ جائیں گے، ہم سیاسی، آئینی اور قانونی طور پر یہ الیکشن جیتے ہیں۔

بابر اعوان نے کہا کہ انشاءاللہ حکومت ہماری ہے، آج امپورٹڈ فارغ ہوگیا،رولز کے مطابق پارلیمانی لیڈر کا فیصلہ حتمی ہوتا ہے۔سپریم کورٹ نے جن دو امیدواران کے درمیان مقابلے کا کہا، ڈپٹی اسپیکر نے ایک امیدوار ہی فارغ کر دیا۔ پرویز الہی کو مبارکباد دیتا ہوں، وہ چند روز میں بطور وزیر اعلی حلف اٹھائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔