پنجاب کا خزانہ شریف برادران کی جاگیر نہیں عوام ان سے حساب لینے کا حق رکھتی ہے اپوزیشن لیڈر

پنجاب یوتھ فیسٹیول میں کروڑوں روپےکی کرپشن ہوئی جس کی تحقیقات کرائی جائے، میاں محمودالرشید


Numainda Express March 12, 2014
مسلم لیگ(ن) اگر اتنی ہی مقبول ہے تو بلدیاتی انتخاب کرانے سے اتنی خوفزدہ کیوں ہورہی ہے، میاں محمود الرشید فوٹو؛فائل

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ صوبے کا خزانہ شریف برادران کی جاگیر نہیں عوام ان سے حساب لینے کا حق رکھتی ہے جبکہ یوتھ فیسٹیول میں کروڑوں روپےکی کرپشن ہوئی جس کی تحقیقات کرائی جائے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا کہ جمہوری رویے اپنانے کے بجائے حکمران اپنی من مانی کررہے ہیں،سرکاری خزانے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے،یوتھ فیسٹیول میں ہونےوالی کرپشن کی تحقیقات ہونی چاہئے،پنجاب کا خزانہ شریف برادران کی جاگیر نہیں عوام ان سے ایک ایک پائی کا حساب لینے کا حق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ جتنی مقبول ہے وہ سب جانتے ہیں اگریہ خود کو مقبول سمجھتے ہیں تو بلدیاتی انتخابات کے نام پر کیوں خوف کا شکار ہوجاتے ہیں کچھ بھی ہوجائے انہیں ہر صورت بلدیاتی انتخابات کرانا پڑیں گے ورنہ ہم اس کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ سرکاری خزانے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے اور یوتھ فیسٹیول کے نام پر سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگایا گیا جس کی ہم تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں، اگر اس کی شفاف تحقیقات کرائی جائے تو نہ صرف کروڑوں روپے کی کرپشن ثابت ہوگی بلکہ حکمرانوں کا اصل چہرہ بھی بے نقاب ہوجائے گا۔