ریفری نے گیلی آؤٹ فیلڈ پر ٹی 20 میچ کرا دیا پلیئرز ناخوش

کنڈیشنز انتہائی خطرناک اوردونوں کپتان وامپائرز مقابلے کے حق میں نہیں تھے، پروٹیز کوچ


Sports Desk March 14, 2014
کنڈیشنز انتہائی خطرناک اوردونوں کپتان وامپائرز مقابلے کے حق میں نہیں تھے، پروٹیز کوچ۔ فوٹو: فائل

میچ ریفری کرس براڈ نے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹوئنٹی 20 گیلی آئوٹ فیلڈ پر ہی کرا دیا، پلیئرز اس سے ناخوش دکھائی دیے۔

میزبان کوچ رسل ڈومنگو کا کہنا ہے کہ کنڈیشنز انتہائی خطرناک تھیں، دونوں کپتان اور امپائرز میچ کرانے کے حق میں نہیں تھے،7اوورز تک محدود میچ میں 5 وکٹ کی فتح سے کینگروز کو سیریز میں برتری مل گئی تھی، آخری مقابلہ جمعے کو سنچورین میں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹوئنٹی 20 مکمل طور پر بارش کی نذر ہوا تھا، دوسرا میچ بھی بغیر کھیلے ختم ہوجاتا مگرمیچ ریفری کرس براڈ نے حیران کن طور پر خطرناک کنڈیشنز میں ہی میچ کھلا ڈالا تاہم اسے 7 اوورز فی سائیڈ تک محدود کیا گیا تھا۔ میزبان کپتان رسل ڈومنگو نے اس فیصلے کو بھی انتہائی خطرناک قرار دیا، انھوں نے کہاکہ گیلی آئوٹ فیلڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے دونوں کپتانوں فاف ڈوپلیسی اور جارج بیلی کا اس بات پر اتفاق تھا کہ میچ نہیں ہونا چاہیے۔

امپائرز ایڈیرن ہولڈ اسٹاک اور شان جارج بھی کنڈیشنز کو مقابلے کیلیے موزوں نہیں سمجھتے تھے، مگر میچ ریفری کرس براڈ نے ان سے اتفاق نہ کرتے ہوئے مقابلے کے انعقاد کا حکم دیا جوکافی خطرناک بھی ثابت ہوسکتا تھا، اس سے کرائوڈ کو کچھ ایکشن دیکھنے کا موقع میسر آیا لیکن خوش قسمتی یہ رہی کہ کوئی پلیئر انجرڈ نہیں ہوا۔ میچ کے ہیرو بریڈ ہوج نے کہاکہ صورتحال واقعی کافی مشکل تھی ایک انتہائی اہم ٹورنامنٹ چند روز میں شروع ہورہا ہے، اس لیے دونوں ٹیموں کو ہی اپنے کھلاڑیوں کی انجریز کا خطرہ لاحق تھا۔ واضح رہے کہ بریڈ ہوج نے آخری اوور میں 2 چھکے جڑ کر اپنی ٹیم کو 5 وکٹ پر 81 رنز کے ہدف تک پہنچایا، انھوں نے 21 رنز بنائے، ڈیوڈ وارنر نے 40 رنز اسکور کیے، اس سے قبل جنوبی افریقہ نے 1 وکٹ پر 80 رنز اسکور کیے تھے،کوئنٹن ڈی کاک 41 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے تھے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان جمعے کو سنچورین میں سیریز کا آخری ٹوئنٹی 20 میچ کھیلا جائے گا۔