مسعود جنجوعہ کیس میں گواہ کا بذریعہ وڈیو لنک بیان لیا جائیگا

عمران منیر سری لنکا میں ہے، مسعود جنجوعہ کوخفیہ ادارے کے سیف ہاؤس میں دیکھا تھا


Numainda Express March 14, 2014
بیان دینے کیلئے واپس آنے سے انکار،سرکاری وکیل کوای میل میں صرف سپریم کورٹ پراظہاراعتماد۔ فوٹو: فائل

LANDI KOTAL: سپریم کورٹ نے آئی ایس آئی کے سیف ہائوس میں لاپتہ مسعود جنجوعہ کی موجودگی کے چشم دیدگواہ ڈاکٹر عمران منیرکا بیان وڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈکرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آفس کو اس ضمن میں ضروری تیاری اورانتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے لاپتہ مسعود جنجوعہ کے مقدمے کی سماعت کی۔ایڈووکیٹ جنرل پنجاب مصطفیٰ رمدے نے بتایا کہ عمران منیرکے بارے میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انھوں نے مسعود جنجوعہ کوکسی سیف ہائوس میں دیکھا تھا ،ان کا بیان ریکارڈکرنے کیلئے ایس پی ہارون جوئیہ سری لنکا پہنچ گئے ہیں، تین چار روز میں ان کی واپسی ہوگی۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل رزاق اے مرزا نے بتایا کہ عمران منیر نے انھیں ای میل بھیجی ہے کہ وزارت داخلہ نے آئی ایس آئی کے کہنے پر ان کا پاسپورٹ ضبط کیا ،پاکستان میں ان کے ساتھ جو سلوک ہوا وہ ابھی تک خوفزدہ ہے اورکسی سرکاری عہدیدارکو بیان نہیں دیگا، اسے سپریم کورٹ کے علاوہ کسی پر اعتماد نہیں اور ویڈیو لنک پر سپریم کورٹ میں بیان دینے کیلئے تیار ہے۔جسٹس جواد نے کہا یہ تو بہت اچھی تجویز ہے، ہمارے پاس سہولت ہے اور ہم ان کا بیان ریکارڈ کرا لیتے ہیں۔

عدالت نے سماعت دو ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے وڈیولنک پربیان ریکارڈکرنے کیلیے ضروری انتظامات کی ہدایت کی۔آن لائن کے مطابق مسعود جنجوعہ کیس میں اہم گواہ ڈاکٹر عمران منیر نے ای میل میںکہا کہ مسعود جنجوعہ کے مقدمے سے وہ مکمل طور پر آگاہ ہیں اورسپریم کورٹ کے روبرو براہ راست وڈیو لنک کے ذریعے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کو تیار ہیں۔انھوں نے کہاوہ پاکستان واپس نہیں آسکتا کیونکہ یہاں مقدمہ بازی میں مبینہ طور پر ملوث کئے جانے کا اندیشہ ہے، ای میل انھوں نے وفاق پاکستان کے کسی افسر یا ذمے دار کیساتھ ملاقات کرنے سے بھی انکارکیا ہے ۔

مقبول خبریں