جوہری قوت بن سکتے ہیں تو معاشی قوت کیوں نہیں؟ وزیراعظم

ویب ڈیسک  اتوار 14 اگست 2022
وزیر اعظم فائل فوٹو

وزیر اعظم فائل فوٹو

 اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر پوری قوم سمیت دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کی ہے۔

اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشاہیر پاکستان کی عظمت کو سلام ہے جس کی وجہ سے آزاد وطن میسر آیا اور ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں جس کا اللہ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے جنہوں نے خون کے دریا عبور کیے اور شہادتیں دیں لیکن مقصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو تقسیم ہند کے خون کی نذر ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان ہمارے لیے ایک بہت بڑا سبق ہے، آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے ملک حاصل کیا گیا، پاکستان کی ترقی کے سفر میں ہم سے کوتاہیاں ہوئی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جوہری قوت بن سکتے ہیں تو معاشی قوت کیوں نہیں بن سکتے؟ اس کے لیے ہمیں زیادہ سے زیادہ کام کرنا ہوگا، ملک کو معاشی قوت بنانے کا عہد کیا ہے اس لیے آئیں کشکول توڑنے کے لیے ہم سب ایک ہو جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شرپسند قوتوں کو ملی یکجہتی اور باہمی اتحاد سے کچل دیں گے اور مسلح افواج کے ساتھ مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں گے، مایوسیاں پھیلانے والوں کی پھر ہار ہوگی۔ مقبوضہ کشمیر کو جلد آزادی ملے گی، اللہ تعالی مقبوضہ کشمیر اور فلسطینی عوام کو آزادی نصیب فرمائے۔

یتیموں کی کفالت سے بڑی کوئی خدمت نہیں، سویٹ ہومز میں تقریب سے خطاب

دریں اثنا وزیراعظم اسلام آباد میں بچوں کے کفالت کے ادارے سویٹ ہومز میں جشن آزادی کی تقریب میں پہنچے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سویٹ ہومز کے بچوں سے مل کر بہت خوشی ہوئی، اس سے بڑی ملک کی خدمت ہو نہیں سکتی، سویٹ ہومز کے بچوں کی ٹھوس خدمت کرنا چاہتا ہوں۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سویٹ ہومز کے بچوں کے لیے بسیں دینے کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری قوم یوم آزادی منا رہی ہے، یہاں قوم کے پیارے بیٹے اور بیٹیوں سے مل کر خوشی ہورہی ہے، زمرد خان کے ساتھیوں نے یہ عظیم ذمہ داری سنبھالی ہے، یقیناً یہ دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں، اللہ انہیں صلہ دے گا، یتیموں کے سروں پر ہاتھ رکھنا اس سے بڑی انسانیت نہیں کیوں کہ قرآن پاک میں جگہ جگہ یتیم بچوں کے حوالے سے ہدایت آئی ہے۔

واضح رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر دن کا آغاز 31 توپوں کی سلامی سے ہوا، اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔