کراچی میں میٹرو بس چلانے کیلیے سندھ حکومت سرگرم

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ لاہور پہنچ گئے، منصوبے پر بریفنگ، بس میں سفر بھی کیا


Numainda Express March 15, 2014
کراچی میں محفوظ وآرام دہ سفری سہولتوں کیلیے پنجاب حکومت سے سیکھیں گے، ممتاز جکھرانی فوٹو: فائل

لاہور: میٹروبس منصوبے کے جائزے کے لیے لاہورکے دو روزہ دورے پر آئے ہوئے سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ و امور نوجواناں میر ممتاز حسین جکھرانی نے کہا ہے کہ کراچی کی آبادی لاہور سے زیادہ ہے اور وہاں میٹروبس اتھارٹی جیسے منصوبے کی اشد ضرورت ہے۔

کراچی میں میٹروبس اتھارٹی جیسا ماڈل بنانے کے لیے پنجاب حکومت کے تجربات سے استفادہ کرکے کراچی کے عوام کو محفوظ،آرام دہ اور باعزت سفری سہولتیں فراہم کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹروبس اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں بریفنگ کے بعد بس میں سفر کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ، پارلیمانی سیکریٹری برائے ٹرانسپورٹ پنجاب محمد نواز چوہان، سیکریٹری ٹرانسپورٹ پنجاب شوکت علی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیرٹرانسپورٹ سندھ میر ممتاز حسین جکھرانی نے کہا کہ میٹروبس منصوبہ دیکھ کر یقین نہیں آتا کہ بین الاقوامی معیار کا ایسا شاندار منصوبہ پاکستان میں بھی چل سکتا ہے۔

وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف میٹروبس کے کامیاب منصوبے پر بلاشبہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ممتاز جکھرانی نے کہا کہ وہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر میٹروبس منصوبے کا جائزہ لینے کیلیے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور لاہور کے حالات مختلف ہیں اور ہر وقت گھیراؤ جلاؤ والی صورتحال کا سامنا رہتا ہے مگر ہم پوری کوشش کریں گے کہ میٹرو بس اتھارٹی کی طرز پر جلد منصوبے کا آغاز کر دیا جائے۔

میٹروبس اتھارٹی کے دفتر میں بریفنگ کے دوران وزیرٹرانسپورٹ سندھ اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ نے منیجنگ ڈائریکٹر میٹرو بس سبطین فضل حلیم سے سوالات کیے اور کراچی میں میٹروبس منصوبے کے قابل عمل ہونے کے معاملات پر بات چیت کی۔