پاکستان سرکٹ ون اسکواش ناصر اقبال چیمپئن بن گئے

ٹاپ سیڈ پلیئر نے فائنل میں عامر اطلس خان کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے زیر کیا


Sports Desk March 15, 2014
ٹاپ سیڈ پلیئر نے فائنل میں عامر اطلس خان کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے زیر کیا۔ فوٹو: فائل

ناصر اقبال پاکستان سرکٹ ون اسکواش ٹورنامنٹ کے چیمپئن بن گئے، انھوں نے فائنل میں عامر اطلس خان کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسکواش کمپلیکس لاہور میں 15ہزار ڈالر انعامی رقم کے حامل ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں ٹاپ سیڈ ناصر اقبال اور چوتھے سیڈ عامر اطلس خان کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، فاتح کھلاڑی نے پہلا گیم باآسانی 11-5 سے اپنے نام کیا، عامر نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے نہ صرف مقابلہ برابر کیا بلکہ پھر 2-1 سے برتری بھی حاصل کرلی، چوتھے سیڈ پلیئر نے دوسرا گیم 11-6 اور تیسرا11-4 سے جیتا، چوتھے گیم میں شروع میں چند اچھے شاٹس کی مدد سے برتری حاصل کرنے والے عامر آخری لمحات میں کارکردگی کے تسلسل کو برقرار نہیں رکھ پائے اور 9 کے مقابلے میں 11 پوائنٹس سے شکست کھا کر ٹائٹل سے دور ہوگئے۔

پانچویں اور فیصلہ کن گیم میں ایک بار پھر شائقین دونوں کھلاڑیوں کے عمدہ کھیل سے خوب محظوظ ہوئے لیکن اس مرتبہ بھی قسمت ناصر پر مہربان رہی،انھوں نے 11-9 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ یاد رہے کہ 9 مارچ سے شروع ہونے والے انٹرنیشنل سرکٹ ون اسکواش ٹورنامنٹ میں امریکی عباس مانیار اور یواے ای کے عامر ملک بھی شریک ہوئے تھے، مگر دونوں کا سفر کوالیفائنگ رائونڈ تک ہی محدود رہا، ٹائٹل پر قبضہ جمانے والے ناصر اقبال نے سیمی فائنل میں دانش اطلس خان اور عامر اطلس خان نے فرحان زمان کو شکست دی تھی۔