بین الاقوامی پروازوں کے تمام مسافروں کیلیے کرنسی ڈکلیئریشن لازمی قرار

ویب ڈیسک  منگل 16 اگست 2022
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا (فوٹو فائل)

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا (فوٹو فائل)

 اسلام آباد: حکومت نے بیرون ملک سے پاکستان آنے اور دیگر ممالک  کو جانے والے تمام مسافروں کے لیے کرنسی ڈکلیئریشن لازمی قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حکومت نے منی لانڈرنگ پر قابو پانے کی کوششوں اور ایف اے ٹی ایف کی شرط پر عمل کا آغاز کردیا ہے۔ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایف بی آر کی ہدایت پر بین الاقوامی پروازوں کے تمام مسافروں کے لیے کرنسی ڈکلیئریشن کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

سی اے اے کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق ڈکلیئریشن فارم پُر کر کے ائر لائن عملے کے حوالے کرنا ہو گا، جس میں مسافر کو ملکی و غیر ملکی کرنسی کی تفصیلات ظاہر کرنا ہوں گی۔اتھارٹی کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ائرلائنز کے ٹکٹ بکنگ دفاتر میں بھی کرنسی ڈکلیئریشن فارمز مہیا کیے جائیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مسافر پرواز کے لیے چیک اِن سے قبل فارم کسٹمز اسٹاف کو جمع کروائیں گے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے  ضوابط ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر آنے اور جانے والی پروازوں کے لیے لاگو کردیے ہیں۔ مسافر ڈکلیئریشن جمع کرائے بغیر طیارے پر سوار ہو سکیں گے اور  نہ ہی ائرپورٹ سے باہر جا سکیں گے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹیفکیشن  میں بتایا گیا ہے کہ ملکی و غیر ملکی ائرلائنز، پائلٹس اور عملے کو کسٹمز ڈکلیئریشن فارم کی شقوں سے متعلق مکمل تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ڈکلیئریشن پُر نہ کرنے کی صلاحت رکھنے والے  مسافروں کا فارم ائر لائن اسٹاف کی مدد سے پُر کیا جا سکتا ہے۔ ہوائی اڈوں پر کرنسی ڈکلیئریشن فارمز موصول کرنے کے لیے باقاعدہ کاؤنٹرز قائم کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی گئی  ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔