پی ایس ایل 2025؛ شیڈول براہ راست آئی پی ایل سے متصادم

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 18 اگست 2022
(فوٹو: ٹوئٹر) 11واں ایڈیشن 2ماہ قبل کرنا پڑے گا،بھارت نے سالانہ ڈھائی ماہ کی ونڈو پالی۔

(فوٹو: ٹوئٹر) 11واں ایڈیشن 2ماہ قبل کرنا پڑے گا،بھارت نے سالانہ ڈھائی ماہ کی ونڈو پالی۔

لاہور: نئے فیوچر ٹور پروگرام کے تحت پی ایس ایل 2025کا شیڈول براہ راست آئی پی ایل سے متصادم ہوگا جب کہ مارچ اور مئی میں مقابلوں کیلیے فرنچائزز کو اہم انٹرنیشنل کرکٹرز کی خدمات حاصل کرنے اور غیرملکی نشریاتی حقوق کی فروخت میں مشکلات ہو سکتی ہیں۔

آئندہ فیوچر ٹور پروگرام میں پی ایس ایل 2025کا شیڈول براہ راست آئی پی ایل سے متصادم ہوگا،پاکستان اسی سال فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا، ملک کوورلڈکپ 1996کے بعد پہلی بارکوئی میگا ایونٹ کرانے کا موقع مل رہا ہے،اسی وجہ سے پی ایس ایل کا 10واں ایڈیشن مارچ اور مئی کی ونڈو میں شیڈول کرنے کی ضرورت پڑگئی۔

مزید پڑھیں: روس ٹیلر کا آئی پی ایل کے حوالے سے اہم انکشاف

بھارت نے اپنی لیگ کیلیے سالانہ ڈھائی ماہ کی ونڈو پالی،آئی پی ایل ونڈو بھی مارچ سے جون تک رکھی گئی ہے، شیڈول براہ راست متصادم ہونے کی وجہ سے ٹاپ انٹرنیشنل کرکٹرز کی جانب سے بھارتی لیگ کو ترجیح دیے جانے اور پی ایس ایل فرنچائز کو ان کی خدمات حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ مارکیٹ میں پی ایس ایل کے نشریاتی حقوق کی فروخت متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہوگا، پاکستان کی انٹرنیشنل مصروفیات کی وجہ سے پی ایس ایل کا 11واں ایڈیشن بھی دسمبر2025اور جنوری 2026میں شیڈول کیا گیا ہے،اگلے سال 12واں ایڈیشن معمول کی ونڈو یعنی جنوری، فروری میں ہوگا۔

اس قبل 2024میں پاکستانی لیگ جنوری، فروری میں ہی شائقین کی توجہ کا مرکز بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔