متحدہ کے تحت متاثرہ فیکٹری کی یادگار پر ہزاروں شمعیں روشن

وفاقی حکومت متاثرہ خاندانوں کو روزگار، امداد اور انصاف دے، فاروق ستار کی گفتگو


Staff Reporter September 14, 2012
کراچی :متاثرہ فیکٹری کے باہر متحدہ کے کیمپ میں جاں بحق افرادکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلیے پھول رکھ کر موم بتیاں روشن کی جارہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

SWAT: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے صدر پاکستان اور وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ بلدیہ ٹائون فیکٹری بڑا سانحہ ہے۔

جسے حکومتی سطح پر ''قومی سانحہ'' تسلیم کر کے متاثرین کی دل کھول کر نہ صرف مالی مدد کی جائے اور انھیں انصاف فراہم کیا جائے بلکہ متاثرہ خاندانوں کی کفالت کیلیے روزگار کی فراہمی کا بندوبست بھی کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ بلدیہ ٹائون سانحے کی غیر جانبدار اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائے اور اس میں انسانی غلطی یا تخریب کاری کے جو بھی عنصر شامل ہیں ان حقائق کو بھی عوام کے سامنے لایا جائے اور مرتکب افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ اس قسم کے واقعات آئندہ نہ ہوں اس کیلیے حفاظتی اقداماتکو مضبوط کیا جائے اور حکومت سندھ اور وزارت صنعت کی جانب سے متاثرین کی مدد کیلیے کیے گئے اعلانات کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے۔

اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹر صغیر احمد، وسیم آفتاب، واسع جلیل، حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، حق پرست وفاقی و صوبائی وزراء ، مختلف این جی اوز ، سیاسی، سماجی اور فلاحی تنظیموں کے عہدیداران، کراچی کی مختلف ریزیڈنٹس کمیٹیوں کے ارکان، ایم کیو ایم کے شعبہ جات، سیکٹرز ، یونٹ کمیٹیوں کے ذمہ داران ، کارکنان ، ہمدردوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ہزاروں شمعیں روشن کیں اور شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تمام سوگوار لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا۔