200 یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین کوترمیمی بل جاری کیاجائے گا،کے الیکٹرک

ویب ڈیسک  جمعرات 25 اگست 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 کراچی: کے الیکٹرک 200 یا اس سے کم یونٹس استعمال کرنے والے رہائشی صارفین کو بجلی کے ترمیمی بل جار کرے گی۔

وزارت توانائی کی جانب سے جون 2022 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) میں ترمیم کے حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے بعد کے الیکٹرک 200 یا اس سے کم یونٹس استعمال کرنے والے نان ٹائم آف یوز (این ٹی یو) رہائشی صارفین کو ماہ اگست کے ترمیم شدہ بل جاری کرے گی۔ ترمیم شدہ بل 26 اگست سے کے الیکٹرک کے کسٹمر کیئر سینٹر سے حاصل کیئے جاسکتے ہیں۔

کے ای کے دائرہ کار کے زرعی صارفین کو بھی حکومت کی جانب سے دیا گیا ایف سی اے ریلیف ملے گا۔

پاور ڈویژن کی جانب سے 25 اگست کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک اور دیگر پاور تقسیم کار کمپنیوں کو فوری طور پر مندرجہ ذیل امور کے نفاذ کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 200 یونٹس استعمال کرنے والے نان ٹی او یو گھریلو (پروٹیکٹد) صارفین سے اگست 2022 کے لیے 3.8972 روپے فی یونٹس کے حساب سے بل وصول کیا جائے گا،200 یونٹس استعمال کرنے والے نان ٹی او یو گھریلو (نان پروڑیکٹڈ) صارفین اور نجی زرعی صارفین اگست 2022 کے لیے ایف سی اے ادا نہیں کریں گے۔

متعلقہ صارفین کی سہولت کے لیے پاور یوٹیلیٹی نے بل کی ادائیگی کی تاریخ میں 30 اگست تک توسیع کر دی ہے، جبکہ کے ای کے صارفین کیلئے سہولت مراکز (کسٹمر کیئر سینٹرز) اپنے طے شدہ اوقات کے علاوہ بھی کھلے رہیں گے۔ جمعہ اور ہفتہ کو کے ای کسٹمر کیئر سینٹرز رات 8 بجے تک، جبکہ اتوار کو شام 5 بجے تک صارفین کو سہولیات فراہم کریں گے۔

کے الیکٹرک کی چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن آفیسر کے مطابق وہ تمام نان ٹائم آف یوز رہائشی صارفین جن کی بجلی کا استعمال 200 یونٹس یا اس سے کم ہے، ماہ اگست کے ترمیم شدہ بلوں کے حصول کے لیے ہمارے قریبی کیئر سینٹرز سے رابطہ کریں، جہاں انہیں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز میں چھوٹ دی جائے گی، نان ٹی او یو کیٹیگری میں عموماً وہ صارفین شامل ہوتے ہیں، جن کا منظور شدہ لوڈ 5 کلو واٹ سے کم ہوتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔