کراچی کے تاجروں نے ہمت سے معیشت کو سنبھالا دیا کمشنر

کیمسٹ کونسل کے عشائیے، مارکیٹ صدر کی 15 سالہ خدمات پر گولڈ میڈل کی تقریب سے خطاب


این این آئی March 16, 2014
کیمسٹ کونسل کے عشائیے، مارکیٹ صدر کی 15 سالہ خدمات پر گولڈ میڈل کی تقریب سے خطاب۔ فوٹو: فائل

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت کراچی کے تاجروں کے تحفظ اور معاشی سرگرمیوں کو رواں دواں رکھنے کیلیے اپنی قانونی اور آئینی ذمے داریاں انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ذریعے ادا کررہی ہے۔

ادویہ کی ترسیل اور فروخت کا کام عبادت بھی ہے اور تجارت بھی کراچی کی میڈیسن مارکیٹ نے ہر مشکل گھڑی میں اپنا فرض ادا کیا ہے۔ فرض کی ادائیگی پر کراچی میڈیسن مارکیٹ کی جرأت اور عزم و ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب کراچی ہول سیل کیمسٹ کونسل کے سالانہ عشائیے اور مارکیٹ کے صدر کی 15 سالہ خدمات پر گولڈ مڈل کا اعزاز عطا کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں کونسل کے جنرل سیکریٹری اخلاص احمد شیخ نے میڈیسن مارکیٹ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے میریٹ روڈ کو شہید حاجی محمد حنیف بلو کے نام سے میڈیسن مارکیٹ کچھی گلی کو صدر غلام ہاشم نورانی کے نام سے منسوب کرنے کی قرار دادیں بھی منظور کرائیں۔ جس کی پنڈال میں موجود ہزاروں شرکا نے دونوں ہاتھ بلند کرکے قرار داروں کی منظوری دی ۔

اس موقع پر تحریک عوام اہلسنّت پاکستان کے صدر اور شہید حاجی محمد حنیف بلو کے صاحبزادے عاطف محمد حنیف بلو بھی موجود تھے۔ شرکا نے اس موقع پر واشگاف انداز میں نعرے بازی بھی کی۔ بعد ازاں غلام ہاشم نورانی کو مارکیٹ کی جانب سے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے گولڈ مڈل کا اعزاز عطا کیا جبکہ انجمن تاجران کراچی کے صدر رفیق جدون نے بھی خطاب کیا۔ غلام ہاشم نورانی نے شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگس ایسوسی ایشن کے سراج الدین، سید عاصم بخاری، صلاح الدین شیخ، عبدالصمد بوڈھانی، چیف ڈرگ انسپکٹر قیصر محمد، سیکریٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ ادریس شیخ، ڈرگ انسپکٹر عارف مٹھانی، عدنان رضوی، عبدالقادر نورانی، آصف عزیز آکھائی، عامر مدنی، عارف نورانی، عارف میمن، جاوید نورانی، اسلم سلاٹ، خرم مہران، اکرم سلاٹ، محمد کاشف ، ڈاکٹر خالد ، عبدالباسط، کے یو جے کے جنرل سیکریٹری رضوان بھٹی، آصف جئے جا، محمد سہیل قادری ودیگر نمایاں شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔