دنیا کا مختصرترین وائس ریکارڈر، وزن صرف 18 گرام

ویب ڈیسک  پير 5 ستمبر 2022
ایزی ریک دنیا کا مختصر ترین وائس ریکارڈر ہے جس کی بیٹری مسلسل 50 روز تک چل سکتی ہے۔ فوٹو: کِک اسٹارٹر

ایزی ریک دنیا کا مختصر ترین وائس ریکارڈر ہے جس کی بیٹری مسلسل 50 روز تک چل سکتی ہے۔ فوٹو: کِک اسٹارٹر

ہانک کانگ: اس وقت ایک اہم ایجاد ’کراؤڈ فنڈنگ‘ سے گزر رہی ہے جسے دنیا کا مختصر ترین آڈیو ریکارڈر کہا جاسکتا ہے، اس وائس ریکارڈر کی جسامت ایک ڈاک ٹکٹ سے کچھ بڑی ہے، وزن 18 گرام اور گنجائش 32 جی بی کی ہے۔

’ایزی ریک‘ نامی اس اہم ایجاد میں دو غیر معمولی حساس ایچ ڈی مائیک نصب ہیں جوسات میٹر دوری سے  360 درجے دائرے کی ہر آواز ریکارڈ کرسکتے ہیں۔ ایک مرتبہ چارج کرنے پر یہ 50 روز تک چل سکتا ہے۔

اس کا حساس نظام صرف آواز آنے کی صورت میں ہی سرگرم ہوتا ہے اور یوں وقت ضائع نہیں ہوتا۔ یعنی آواز میں وقفہ ہوتو ریکارڈنگ رک جاتی ہے۔ دوسری جانب سات میٹر دوری کی آواز نوٹ کرنے کی صورت میں اطراف کا شور بھی ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ اسی لیے ایک اسمارٹ سسٹم کی بدولت شور(نوائز) کو ازخود ختم کردیتا ہے۔

ایزی ریک کے دوماڈل پیش کیے جارہے ہیں جن میں سے ایک ماڈل کچھ بڑا ہے جبکہ لمبائی دو انچ ، چوڑائی لگ بھگ 1.7 انچ ہے۔ اس کی موٹائی ایک انچ کے چوتھے حصے کے برابر ہے۔ اس ماڈل کو ایزی ریک مِنی کا نام دیا گیا ہے جس میں 450 ایم اے ایچ کی بیٹری نصب ہے۔

یوایس بی ٹائپ سی کیبل سے چارج ہونے والی یہ اہم ایجاد بلیو ٹوتھ سے ڈیٹا بھیج سکتی ہے۔

آج کی تیز رفتار دنیا میں آڈیو لیکچر، کمپنی کے احکامات، انٹرویو، اسباق کی تعلیم اور دیگر شعبوں میں اس کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اپنی وسیع گنجائش کی بدولت اس میں 240 گھنٹے کی آواز محفوظ کی جاسکتی ہے۔ اکتوبر 2022ء میں ایزی ریک کو فروخت کے لیے پیش کیا جاسکتا ہے جس کی تعارفی قیمت 69 ڈالر رکھی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔