عمران خان کے فوج سے متعلق بیان پر آرمی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک  پير 5 ستمبر 2022
آرمی چیف کی تعیناتی کے طریقے کو متنازع بنانا نہ پاکستان کے مفاد میں ہے اور نہ ہی پاک فوج کے مفاد میں، آئی ایس پی آر (فوٹو: فائل)

آرمی چیف کی تعیناتی کے طریقے کو متنازع بنانا نہ پاکستان کے مفاد میں ہے اور نہ ہی پاک فوج کے مفاد میں، آئی ایس پی آر (فوٹو: فائل)

 راولپنڈی: آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں ہونے والے سیاسی جلسے کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے پاک فوج کی سینئر قیادت کے بارے میں ہتک آمیز اور انتہائی غیر ضروری بیان پر پاکستان آرمی میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ایسے وقت میں پاک فوج کی سینئر قیادت کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوس ناک ہے جبکہ پاک فوج قوم کی سیکیورٹی اور حفاظت کے لیے ہر روز جانیں قربان کر رہی ہے۔

یہ پڑھیں : نواز اور زرداری ایسا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں جو ان کے حق میں بہتر ہو، عمران خان

بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے اس کے باوجود سینئر سیاست دانوں کی جانب سے اس عہدے کو متنازع بنانے کی کوشش انتہائی افسوس ناک عمل ہے، پاک فوج کی سینئر لیڈر شپ کی اہلیت اور حب الوطنی، اُن کی دہائیوں پر محیط بے داغ اور شاندار عسکری خدمات سے عیاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آرمی چیف سمیت کسی بھی فوجی کی حب الوطنی پر شک نہیں کرنا چاہیے، صدر مملکت

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کو سیاست میں ملوث کرنے کی کوشش اور آرمی چیف کی تعیناتی کے طریقہ کار کو متنازع بنانا نہ پاکستان کے مفاد میں ہے اور نہ ہی پاک فوج کے مفاد میں ہے، پاکستان آرمی اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کی بالادستی کے عزم پر قائم ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔