جائیداد کے تنازع پر ماموں، ممانی اور کزن کا قاتل بھانجا گرفتار

ویب ڈیسک  منگل 6 ستمبر 2022
ملزم شان نے تینوں کو چھری کے وار کرکے قتل کیا

ملزم شان نے تینوں کو چھری کے وار کرکے قتل کیا

 لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے مغلپورہ  میں جائیداد کے تنازع پر ماموں، ممانی اور کزن کو قتل کرنے والا بھانجا گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم ذیشان عرف شان کو اس کی والدہ کی نشاندہی پر گرفتار کرکے تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے جب کہ ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور کے علاقے مغلپورہ میں ذیشان اپنے ماموں، ممانی اور کزن کو تیز دھار آلے سے قتل کرنے کے بعد فرار ہوگیا تھا۔ مقتولین میں ثاقب، مریم اور 15 سالہ عبداللہ شامل ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم شان نے تینوں کو چھری کے وار کرکے قتل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق جائداد کے تنازع پر ملزم نے تینوں قتل کیے اور ملزم کی ماں نے خودپولیس کو اطلاع دی کہ اس کے بیٹے نے قتل کردیے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی سول لائنز اویس شفیق سمیت پولیس موقع پر پہنچی۔ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرکےقتل کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہے جب کہ ایس ایچ او مغلپورہ اور انچارج انویسٹی گیشن ٹیموں کے ہمراہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔

دریں اثنا آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے تہرے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔آئی جی پنجاب نے ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے اسپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت جاری کی تھی کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزم کی گرفتاری کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔