زمبابوے آج بقا کی جنگ لڑے گا نیدر لینڈز کا چیلنج درپیش

آئرلینڈ کی ٹیم مسلسل دوسری کامیابی کا عزم لیے نو آموز یو اے ای سے ٹکرائے گی


Sports Desk March 19, 2014
آئرلینڈ کی ٹیم مسلسل دوسری کامیابی کا عزم لیے نو آموز یو اے ای سے ٹکرائے گی۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی20کے کوالیفائنگ مرحلے میں زمبابوے بدھ کو بقا کی جنگ لڑے گا، پہلے میچ میں شکست کا شکار ہونے والی ٹیم کو ایونٹ میں پیش قدمی جاری رکھنے کیلیے بلند حوصلہ نیدر لینڈز کا چیلنج درپیش ہوگا۔

آئرلینڈ کی ٹیم مسلسل دوسری کامیابی کا عزم لیے نو آموز یو اے ای سے ٹکرائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پہلے میچ میں کپتان برینڈن ٹیلر کی ففٹی کے باجود زمبابوے کو شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا تھا،آئرلینڈ نے 164رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کرکے فتح کو گلے لگایا،اب زمبابوین ٹیم کو اگلے دونوں میچز میں کامیابی کے ساتھ آئرش سائیڈ کی ناکامیوں کیلیے بھی دعا کرنا ہوگی،بدھ کو نیدر لینڈز سے مقابلہ ایونٹ میں بقاکی جنگ ہوگا، یورپی ٹیم نے یو اے ای کیخلاف اوپنر اسٹیفن مائیبرگ کی ففٹی سے تقویت پا کر152رنز کا ہدف4 وکٹ پر حاصل کرلیا تھا، سلیکشن تنازع منظر عام پر آنے اور کھلاڑیوں کی بیان بازی کے بعد نیدر لینڈز کیلیے تجربہ کار حریف کو زیر کرنا آسان نہیں ہوگا۔

زمبابوے کی امیدیں پنیانگرااور کفایتی بولنگ کرنے والے ٹیندائی چتھارا سے وابستہ ہونگی،نیدر لینڈز ایک بار پھر اوپنر اسٹیفن مائیبرگ سے توقعات وابستہ کرنے میں حق بجانب ہے۔کپتان برینڈن ٹیلر نے کہا کہ سلہٹ کی وکٹ پر ہمارے بولرز حریف ٹیم کو زیادہ اسکور کرنے کا موقع نہیں دیں گے۔ میگا ایونٹس میں پاکستان اور انگلینڈ جیسی ٹیموں کو اپ سیٹ شکست دینے والے آئرلینڈ نے پہلے میچ میں فتح کے بعد مین رائونڈ کھیلنے کیلیے اپنا کیس مضبوط بنالیا،بدھ کو نو آموز یواے ای کیخلاف فتح امکانات مزید روشن کردے گی، پال اسٹرلنگ نے ففٹی بناکر بھرپور فارم کا اظہار کیا، اب ایک بار پھر ان کا کردار اہم ہوگا، نوجوان اسپنر جارج ڈوکریل کو کپتان پورٹر فیلڈ سمیت کئی ماہرین ٹیم کا ٹرمپ کارڈ قرار دے چکے ہیں، ان کا ساتھ دینے کیلیے سیمرز بھی موجود ہونگے، یو اے ای کی ٹیم اپنے پہلے میچ میں زیادہ مزاحمت نہیں کرپائی تھی،البتہ کامران شہزاد کے پیس اور بائونس نے حریف بیٹسمینوں کو پریشان کیا، آئرش ٹیم کو کم اسکور تک محدود کرنے میں ان کا کردار اہم ہوسکتا ہے۔