کراچی میں آندھی کے ساتھ تیز بارش

سب سے زیادہ بارش اولڈ ائیرپورٹ پر32.2ملی میٹرریکارڈ ہوئی، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک September 12, 2022
بارش کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی،:فوٹو:فائل

کراچی میں شید گرمی کے بعد کہیں درمیانی اورکہیں تیزبارش، گھٹاوں کے سبب شہر کے چند علاقوں میں گھپ اندھیراچھاگیا،سب سے زیادہ بارش اولڈ ائیرپورٹ پر32.2ملی میٹرریکارڈ ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے دوران 54کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے غیرمعمولی ہوائیں بھی چلیں، بحیرہ عرب سے ملنے والی نمی کے سبب پیرکو شہر میں غیرمتوقع طورپر جل تھل کردی،بارش کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

بارش کی وجہ سےموسم خوشگواراور درجہ حرارت کمی واقع ہوئی، دو دن سے سے جاری شدید گرمی کے بعد شہر کا درج حرارت 35.3ڈگری ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر میں ہلکی ودرمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی،تاہم پیرکی دوپہرشدید حبس کے بعد غیرمتوقع طورپربادل برس پڑے۔

بارش کا سلسلہ شہر کے مضافاتی علاقوں گلشن حدید،گلستان،جوہر،سپرہائی وے،اسکیم 33اورملیر سے شروع ہوا،جس کے بعد بارش کا سلسلہ شہر کے باقی علاقوں محمودآباصدر،بہادرآباد،طارق روڈ،ایف سی ایریا،گرومندر،گذری،یونیورسٹی روڈ،گلشن اقبال،عزیزآباد،ڈیفنس ویو،شاہراہ فیصل،کیماڑی میں گرج چمک کے ساتھ کہیں درمیانی اورکہیں تیزبارشوں کا سبب بنا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے چند علاقوں میں کالے بادل چھائے،جبکہ آندھی بھی چلی،ہواوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار54کلومیٹرفی گھنٹہ(30ناٹیکل مائل)کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش اولڈ ائیرپورٹ پر32.2ملی میٹرریکارڈ ہوئی، یونیورسٹی روڈ28.3،پی اے ایف بیس فیصل 25ملی میٹر،پی اے ایف بیس مسرور24ملی میٹر،گلشن حدید23ملی میٹر،قائدآباد17.5ملی میٹر،جناح ٹرمینل13.2ملی میٹر،کیماڑی 11.5ملی میٹر،سرجانی ٹاون10.6ملی میٹر،سعدی ٹاون10.4ملی میٹر،ڈی ایچ اے فیزٹو8.7ملی میٹر،کورنگی 3.4ملی میٹرجبکہ سب سے کم بارش ناظم آباد میں 3.2ملی میٹرریکارڈ ہوئی۔

محمکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہونے والی بارش کے بعد گرمی کا زورٹوٹ گیااورموسم خوشگوارہوگیا،شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.3ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کاتناسب 96فیصد رہا۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردارسرفراز کے مطابق گجرات(بھارت)کے قریب موجود ہوا کا پہلے سب کم دباوجو کہ کمزورپڑچکا تھا،اس کو دوبارہ تقویت ملی جبکہ اسی سسٹم کو بحیرہ عرب سے ملنے والے موئسچر(نمی)اورشہر میں دن کے وقت حدت کی وجہ سے کراچی اورٹھٹھ کے درمیانی سیلز(بادل)بنے،جس کی وجہ سے کہیں درمیانی اورکہیں تیزبارش ہوئی۔

ان کا کہنا ہے کہ منگل کوبھی شہر میں درمیانی اورکہیں کہیں تیزبارش کا امکان ہے،خلیج بنگال میں بننے والا ڈپریشن وسطی بھارت پرموجود ہے،جس کے بارے میں امکان ہے کہ یہ سسٹم راجستھان (بھارت)پررک جائے گا،تاہم اس کے اثرات کے نتیجے میں مشرقی سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان رہےگا۔

شہرمیں اچانک ہونے والی بارش کی وجہ سے شہزادخلیل ایونیوروڈ،نیپا،آئی آئی چندریگرروڈ،یونیورسٹی روڈ،پی آئی ڈی سی روڈ،نیو ایم جناح روڈ سمیت مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے کی وجہ سے شہریوں کو دشواریوں کا سامنا رہا۔

مون سون کے پچھلے اسپیلز کی وجہ سے سڑکوں پرپڑنے والے گڑھوں میں بارش کے نئے اسپیل کی وجہ سے جمع ہونے والے پانی کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑااورکئی سڑکوں پرٹریفک جام کی صورتحال دکھائی دی۔

مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی بجلی غائب ہوگئی۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شہرمیں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔ کے الیکٹرک کا عملہ موسم کی بدلتی صورتحال کا مستقل جائزہ لے رہا ہے اور الرٹ ہے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں