ویمنز وارم اپ میچ انگلینڈ نے پاکستان کو 2 وکٹ سے قابو کرلیا

نیوزی لینڈ نے بھارت کو مات دے دی، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیزکی بھی فتوحات


Sports Desk March 19, 2014
نیوزی لینڈ نے بھارت کو مات دے دی، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیزکی بھی فتوحات۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

MADRID: ورلڈ ٹی 20 ویمنز وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو2 وکٹ سے قابو کرلیا، اسماویہ اور سمعیہ نے 3،3 پلیئرز کو میدان بدر کیا مگر یہ کارکردگی ٹیم کو ناکامی سے محفوظ نہ رکھ سکی۔

دیگر میچز میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو مات دے دی، آسٹریلیا نے سری لنکا اور ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقی ٹیم کو زیر کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کیخلاف انگلینڈ نے 107 رنز کا ہدف 19.5 اوورز میں 8 وکٹ پر حاصل کرلیا، اسماویہ اقبال اور سمعیہ صدیقی نے 3،3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، لیڈیا گرینوے34 جبکہ اوپنر و کپتان شارلوٹ ایڈورڈز21 رنزبنانے میں کامیاب رہیں، انگلینڈکو اختتامی 8 گیندوں پر فتح کیلیے 12رنز درکار تھے، اینیا شربسول (8) اورہیزل (5) نے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے ٹیم کو فتح دلادی، قبل ازیں ٹاس جیتنے والی گرین شرٹس نے 6 وکٹ پر 106رنز جوڑے، اوپنرز نین عابدی اور جویریہ خان ابتدائی اوور میں لگاتارگیندوں پرکھاتہ کھولے بغیرمیدان بدر ہوگئیں۔

ندا ڈار اور کپتان ثنا میرنے یکساں طور پر 36 ، 36 رنزاسکور کیے، ہیزل اور نٹالی نے2،2 پلیئرز کو پویلین کی راہ دکھائی، دیگر میچزمیں ویسٹ انڈیزنے جنوبی افریقہ کو52 رنز سے ہرایا، فاتح الیون نے 4 وکٹ پر 123 رنز بنائے، پروٹیز سائیڈ71 پرڈھیر ہوگئی،انیسہ محمد اور دیندرا ڈوٹن نے 2،2 وکٹیں لیں۔نیوزی لینڈ نے بھارت کو17رنزسے مات دی، کیویز نے8 وکٹ پر 138رنز بنائے،کیٹی پارکنز نے 40کی اننگز کھیلی، جھولان گوسوامی اور شکھا پانڈے نے3،3 پلیئرز کو قابو کیا، بھارتی ٹیم 8 وکٹ پر121رنز بنا پائی، متھالی راج کے 53رنز رائیگاں گئے،مورنا نیلسن نے3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ آسٹریلیا نے سری لنکا کو 19 رنزسے زیر کرلیا، فاتح ٹیم نے5 وکٹ پر 144 رنز جوڑے، میگ لیننگ43رنز بناکرنمایاں رہیں، چندیما گونارتنے کو3 وکٹیں ملیں، حریف ٹیم 5 وکٹ پر 125 رنزبناسکی، ششی کلا سری وردنے39 پر ناٹ آئوٹ رہیں۔