حکومت نے آرمی چیف کی توسیع سے متعلق عمران خان کی تجویز مسترد کردی

ویب ڈیسک  منگل 13 ستمبر 2022
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: حکومت نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدمت ملازمت میں توسیع سے متعلق عمران خان کی تجویز مسترد کردی، وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر بحث قبل از وقت ہے۔

ایکسپریس نیوز کے متعلق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز پیش کی ہے اور کہا ہے کہ چاہتا ہوں نئی حکومت ہی نئے آرمی چیف کو تعینات کرے۔

حکومت نے عمران خان کی اس تجویز کو مسترد کردیا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ عمران خان اقتدار کی ہوس میں اتنا گر چکا ہے کہ آرمی چیف کے تقرر کو الیکشن اور سیاست سے نتھی کررہا ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ موجودہ حکومت اس ذمے داری سے متعلق مقررہ وقت پر آئین اور ادارے کی بہترین روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گی، اہم قومی فیصلے سیاسی مفادات سے مشروط نہیں ہوتے۔

یہ پڑھیں : عمران خان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز پیش کردی

دریں اثنا نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران اس تجویز پر  ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان آرمی چیف کی تعیناتی کا عمل سوچے سمجھے منصوبے کے تحت متنازع بنا رہے ہیں کیوں کہ اس وقت اس موضوع پر بحث کرنا قبل از وقت ہے، آرمی چیف کی مدت میں ابھی ڈھائی ماہ کا وقت باقی ہے۔

وزیر دفاع کے مطابق اس موضوع پر بات کرنا اس وقت ملک کے مفاد میں نہیں اور نہ ہی دفاع کے ضامن ادارے کے سربراہ کو سیاست میں گھسیٹنا ادارے کے مفاد میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک جانب چیئرمین پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کو نشانہ بنا رہے ہیں تو دوسری جانب اس سے بات چیت کے دروازے بھی کھولنے کے خواہش مند ہیں، عمران خان ہر صورت میں طاقت کا حصول چاہتے ہیں، اس سے ان کی ذہنی اور سیاسی پسماندگی ظاہر ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔