حکومت میں شمولیت متحدہ پی پی کے دبئی مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل

لندن میں ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت پیپلز پارٹی سے دبئی میں مذاکرات پر تفصیلی مشاورت کرے گی


Staff Reporter March 19, 2014
لندن میں ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت پیپلز پارٹی سے دبئی میں مذاکرات پر تفصیلی مشاورت کرے گی. فوٹو: فائل

لاہور: سندھ حکومت میں شمولیت کے لیے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان دبئی میں مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اور اس مرحلے پر ہونے والی پیش رفت پر رابطہ کمیٹی لندن اور پاکستان میں حتمی مشاورت شروع ہوگئی ہے۔

قابل اعتماد ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر اور رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان لندن پہنچ گئے ہیں جبکہ ڈاکٹر ندیم نصرت پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے مشاورت کے بعد دبئی سے لندن پہنچ گئے ہیں، لندن میں ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت پیپلز پارٹی سے دبئی میں مذاکرات پر تفصیلی مشاورت کرے گی اور بعد ازاں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو ڈاکٹر ندیم نصرت حتمی رپورٹ پیش کریں گے۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان وزارتوں کی تقسیم کے حوالے سے فارمولہ بھی طے پاگیا ہے۔

ایم کیو ایم کی لندن قیادت وزراء کے لیے مختلف ناموں پر غور کررہی ہے ۔ اگر ایم کیو ایم سندھ حکومت میں شامل ہوتی ہے تو ان ناموں کی منظوری الطاف حسین دیں گے، مذاکرات کا حتمی مرحلہ جلد کراچی میں ہوگا اور اس کے لیے ایم کیو ایم کی مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل حتمی مراحل میں ہے، مذاکراتی کمیٹی میں ممکنہ طور پر ڈاکٹر فاروق ستار، سید سردار احمد، کنور نوید جمیل اور دیگر شامل ہوسکتے ہیں، یہ مذاکرات گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی موجودگی میں ہوں گے، اس مرحلے میں حکومت سازی کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔