پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر پر ایف آئی اے کا چھاپہ

ویب ڈیسک  منگل 13 ستمبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے دعویٰ کیا ہے کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چھاپہ مارا ہے۔

چھاپے کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا کہ سیف اللہ نیازی ایک سینیٹر ہیں، ان کے گھر پر چھاپہ مارنا لیپ ٹاپ اور فون اٹھا کر لے جانا، انہیں ہراساں کرنا اس نام نہاد حکومت کا ایک اور کارنامہ ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سیف اللہ نیازی کے ساتھ زیادتی کی شدید مذمت کرتے ہیں، چیئرمین سینٹ اور متعلقہ اداروں کو اس ضمن میں فوری ایکشن لینا چاہئے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے سیف اللہ نیازی کے گھر پر چھاپے کی سختی سے مذمت کی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ امپورٹڈ حکومت اور اُن کے ہینڈلرز ہمیں دیوار کے ساتھ لگا رہے ہیں۔ آج سینیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر چھاپہ مارا گیا،گھر سے ان کا موبائل اور کمپیوٹر اٹھا کر لے گئے۔

عمران خان نے خبردار کیا کہ،امپورٹڈ حکومت اور ہینڈلرز کو ان سارے اقدامات کے نتائج بھگتنے ہوں گے۔

دوسری جانب ایف آئی اے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد نے سینٹر سیف الله نیازی کے گھر اور آئی نائن ٹو میں ایک دفتر پر باقائدہ سرچ وارنٹ لیکر چھاپہ مارا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سینٹر سیف نیازی کے گھر سے لیپ ٹاپ، فون اور دیگر سامان ضبط کرلیا،آئی نائن ٹو میں میسرزٹائیل ماوٹین کے آفتاب احمد جان،بلال خان اور چودھری محمد اقبال اور سیف الله نیازی نامنظور ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ آپریٹ کررہے تھے،ویب سائٹ کو غیرقانونی طور پر فنڈز اکھٹا کرنے کے لیے استعمال کیا جارتھا۔

ایف آئی اے کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد سے سرچ و الیکڑانک ڈیوائس تحویل میں لینے کی اجازت بھی حاصل کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔