بین اسٹوکس کوپاکستان میں ٹیسٹ سیریز کی فکر پڑ گئی

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 14 ستمبر 2022
اسپن پچز پر فارم اور جارحانہ حکمت عملی کا سلسلہ جاری رکھیں گے،انگلش کپتان۔ فوٹو: ٹویٹر

اسپن پچز پر فارم اور جارحانہ حکمت عملی کا سلسلہ جاری رکھیں گے،انگلش کپتان۔ فوٹو: ٹویٹر

کراچی: بین اسٹوکس کو ابھی سے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کی فکر پڑ گئی،انھوں نے کہا کہ اسپن پچز پر یہ ایک یکسر مختلف چیلنج ہوگا۔

انگلینڈ کی ٹیم 17 برس بعد پاکستان میں قدم رکھنے کو تیار ہے، یہ ٹور 2 مراحل پر مشتمل ہوگا،وائٹ بال اسپیشلسٹ 15 ستمبر کو 7 ٹی 20 میچز کیلیے پہنچیں گے، بین اسٹوکس کو آرام دیا گیا ہے تاہم ان کی قیادت میں ٹیسٹ ٹیم دسمبر میں آئے گی۔

آخری مرتبہ انگلش ٹیم نے مائیکل وان کی قیادت میں پاکستان کا ٹیسٹ ٹور کیا تھا، اس موسم گرما میں ہوم گراؤنڈز میں ریڈ بال کے ساتھ فتوحات کے جھنڈے گاڑنے والی ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کو ابھی سے دورہ پاکستان کی فکر پڑ گئی ہے، انھوں نے اس ٹور کو ایک بہت بڑا چیلنج قرار دیا ہے۔

اسٹوکس نے کہا کہ پاکستان میں ایک مختلف قسم کا ماحول ہمارا منتظر ہوگا مگر ہم وہاں جاکر اپنی موجودہ فارم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے اسی حکمت عملی کے ساتھ کھیلیں گے جوہوم میچز میں اختیار کی،وہ ایک گرم ملک ہے جہاں پر گیند سے ویسے مدد نہیں ملتی جیسی یہاں انگلینڈ میں حاصل ہوتی ہے، وہاں پر ہمیں بہت زیادہ اسپن کا سامنا کرنا پڑے گا، یہ ایک نیا چیلنج ہے اور ہم اس حوالے سے کافی پْرجوش ہیں۔

یاد رہے کہ اس ہوم سیزن میں انگلینڈ نے بین اسٹوکس کی قیادت اور برینڈن میک کولم کی کوچنگ میں 7 ٹیسٹ میچز میں سے 6 میں کامیابی حاصل کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔