ہزاروں سال سے موسمیاتی تغیر سے نبردآزما میکسیکن مینگرووز

ایک نئی تحقیق کے مطابق میکسیکن مینگرووز ہزاروں سالوں سے موسمیاتی تغیر سے لڑنے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں


ویب ڈیسک September 18, 2022
(تصویر: انٹرنیٹ)

ایک نئی تحقیق کے مطابق میکسیکن مینگرووز ہزاروں سالوں سے اپنے اندر کاربن ذخیرہ کر کے موسمیاتی تغیر سے لڑنے میں انتہائی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

امریکا کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا رِیور سائیڈ اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان ڈیاگو کے محققین نے یہ سمجھنے کے لیے تحقیق شروع کی کہ مینگرووز نائیٹروجن اور کاربن جیسے عناصر کو کس طرح جذب اور خارج کرتے ہیں۔

محققین کی ٹیم نے خصوصی طور پرمیکسیکو کے لا پاز ساحل کا مطالعہ کیا جس میں ان پر حیران کن انکشافات ہوئے۔

تحقیق میں انہیں موقع سے ملنے والے نباتاتی مادے کی تہہ پر کم از کم 5000 ہزار سال پُرانی کاربن کی موجودگی کا علم ہوا۔

تحقیق کی شریک مصنفہ ایما ایرونسن کا کہنا تھا کہ مینگرووز کے ان علاقوں کے متعلق یہ بات خاص نہیں کہ یہ کاربن ذخیرہ کرنے میں تیز ہیں بلکہ انہوں نے ایک طویل عرصے تک کاربن کو ذخیرہ کر کے رکھا ہے۔

مطالعے میں محققین نے دیکھا کہ بہت قلیل مقدار میں آکسیجن اس نباتاتی مادے کی تہہ میں پہنچ سکی تھی۔ آکسیجن فنگئی کے لیے ضروری ہوتی ہے جو کاربن مرکبات کو توڑتی ہے۔ یہی وہ وجہ ہو سکتی ہے جو مینگرووز نے اتنے عرصےتک کاربن کو اپنے اندر ذخیرہ کیے رکھا۔

محققین نے اپنے 17 صفحات پر مشتمل مقالے میں لکھا کہ مینگرووز ماحولیات کو اہم خدمات فراہم کر رہے ہیں جن میں صدیوں سے زیر زمین کاربن کو ذخیرہ کرنا شامل ہے۔ مینگروو کے کاربن ذخیرہ کیے رکھنے کی جزوی وجہ ان کی کارکردگی ہے لیکن بنیادی وجہ طویل زندگی یعنی مائیکرو حیاتیات کے سبب تاخیر سے گلنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں