یوٹیلیٹی اسٹورز پر متعدد اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اچانک بڑا اضافہ

حسیب حنیف  ہفتہ 17 ستمبر 2022
متعدد اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا:فوٹو:فائل

متعدد اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا:فوٹو:فائل

 اسلام آباد: یوٹیلیٹی اسٹورز پر ایک بار پھر متعدد اشیا کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یوٹی لیٹی اسٹور کارپوریشن کی جانب سے اچار، مختلف برانڈز کے بسکٹ ، جیلی ، سرف، شو پالش، ریزر بلیڈر، ٹوتھ پیسٹ، برتن دھونے کا صابن ، شہد، نوڈلز سمیت متعدد اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس کا اطلاق فوری ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سوگرام ٹوتھ پیسٹ کی قیمت میں 10روپے تک اضافہ کیا گیا جسکی قیمت 133 روپے سے بڑھ کر 143 روپے ہوگئی جبکہ 275 گرام برتن دھونے کے صابن کی قیمت میں 50 روپے تک اضافہ کیا گیا اور275 گرام ڈش واش کی قیمت 90روپے سے بڑھا کر 140 روپے کردی گئی ہے۔

اسی طرح ٹشو پیپر کے ڈبے کی قیمت میں بھی 11 روپے تک اضافہ کیا گیا جس کے بعد ٹشوپیپر کا ڈبہ 56 روپے سے بڑھ کر 67 روپے کا ہوگیا۔ بے بی ڈائپر کے چھوٹے پیک کی قیمت میں 348 روپےتک اضافہ ہوا، چھوٹا برانڈڈ بے بی ڈائپر کا پیک 1352 سے بڑھ کر 1700 روپے کا ہوگیا۔

مزید پڑھیں: یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

علاوہ ازیں کیڑے مار دوا کی قیمت میں بھی 300  روپے اضافہ کیا گیا، جس کے بعد 800 ایم ایل کیڑے مار محلول 490 روپے سے بڑھ کر 790 روپے کا ہوگیا۔ گرین ٹی کے برانڈڈ 45 گرام پیک میں 20 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 178 روپے ہوگئی جبکہ 250 گرام میکرونی کی قیمت میں 11 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد قیمت 79 روپے سے بڑھ کر 90 کی ہوگئی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق 300 گرام شہد کے جار کی قیمت میں 60 روپے اضافے سے 310 سے بڑھ کر 379 روپے ، 66 گرام نوڈلز کی قیمت میں 5 روپے اضافے کے بعد 48 سے بڑھ کر 53 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح یوٹیلٹی اسٹورز پر ایک برانڈ کے آئل کے ڈھائی کلووالے ٹن کی قیمت میں 430 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔