نسیم شاہ کے اندر میں اپنی جوانی دیکھتا ہوں، شان ٹیٹ

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 18 ستمبر 2022
فوٹو : پی سی بی ٹویٹر

فوٹو : پی سی بی ٹویٹر

 کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ شان ٹیٹ کہتے ہیں کہ نسیم شاہ کے اندر میں اپنی جوانی دیکھتا ہوں لیکن نسیم شاہ اس عمر میں مجھ سے زیادہ با صلاحیت ہے۔

ہفتہ کی شب نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والی پریس کانفرنس میں شان ٹیٹ کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کھلاڑی دنیا بھر میں کھیلتے ہیں اور ہم صرف انہیں اعتماد دے سکتے ہیں، مجھے اندازہ ہے کہ فاسٹ بولر کو جب کریمپس ہوتے ہیں تو کتنا درد ہوتا ہے، ایشیا کپ میں جب نسیم شاہ کو ٹانگ میں درد ہوا تو میں اس کو گراؤنڈ میں لینے گیا۔

انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کے پاس دنیا کے بہترین اور باصلاحیت فاسٹ بولرز موجود ہیں، میرے پاکستانی بولرز کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کرنا ایک اچھا تجربہ ہے۔

شان ٹیٹ نے کہا کہ میں نے انگلینڈ کے خلاف چار ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی اب تک وکٹ نہیں دیکھی اور اس بارے میں مجھے کوئی اندازہ بھی نہیں لیکن ٹی 20 سیریز ہونے کے ناطے فطری طور پر وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی ہوگی، مجھے نہیں لگتا کہ دوران مقابلہ پچ کوئی خاص سرپرائز دے گی۔

انہوں نے کہا کہ انجری کا شکار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے میرے پاس زیادہ معلومات نہیں لیکن اتنا جانتا ہوں  کہ شاہین شاہ آفریدی کی بحالی کے لیے کوششیں کارگر ثابت ہو رہی ہیں۔

پاکستان کے بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ 17 برس بعد انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے یہاں کے لوگ بہت خوش ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔