ورلڈ کپ ٹی 20 نیدرلینڈز کیخلاف زمبابوے نے آخری گیند پر میدان مار لیا

ووسی سبانڈا نے چھکالگا کر ٹیم کو سپر اوور میں جانے سے بچالیا، افریقی ٹیم 5 وکٹ سے کامیاب، برینڈن ٹیلر ففٹی سے محروم


Sports Desk March 20, 2014
آئرلینڈ کی بڑی ٹیموں کے ساتھ کھیلنے کی امیدیں روشن، بارش سے متاثرہ مقابلے میں یو اے ای کو 21 رنز سے شکست دیدی۔ فوٹو: فائل

ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں زمبابوے نے آخری گیند پر میدان مارلیا، نیدرلینڈز کے خلاف ووسی سبانڈا کے چھکے نے ٹیم کو سپر اوور کھیلنے سے بچالیا، 5 وکٹ کی فتح کے باوجود افریقی ٹیم کی سپر 10 میں رسائی کا راستہ بدستور کٹھن ہے۔

دوسرے میچ میں آئرلینڈ نے بارش سے متاثرہ میچ میں متحدہ عرب امارات کو 21 رنز سے شکست دے دی، آئرش ٹیم کی بڑی ٹیموں کے ساتھ کھیلنے کی امیدیں بھی روشن ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے ابتدائی رائونڈ میں زمبابوے کا دوسرے میچ میں بھی قسمت کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا مگر اس بار خوش قسمتی سے اسے حاصل ہوئی۔ 141 رنز ہدف کے تعاقب میں پہلی وکٹ 25 کے مجموعے پر گری جب سکندر رضا 13 رنز پر جمیل کی گیندپر سیلار کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، ہیملٹن مساکیڈزا نے 43 رنز اسکور کیے اور سیلار کی وکٹ بن گئے، انھوں نے ایک گیند بعد ایلٹن چگمبرا کو کھاتہ کھولنے کی مہلت دیے بغیر پویلین واپس روانہ کردیا،ان کا کیچ بورین نے تھاما۔ 126 کے مجموعے پر چوتھی وکٹ گری،کپتان برینڈن ٹیلر49 رنز بناکر وان ڈیر گوگٹین کا شکار بنے کیچ بورین نے تھاما۔ آخری اوور میں زمبابوے کو فتح کے لیے 7 رنز درکار تھے، ملک جمیل کی پہلی گیند پر تو کوئی رن نہیں بنا مگر اگلی بال پر سین ولیمز نے دو رنز لیے اور پھر چوکا جڑ کر اسکور برابر کردیا۔

اب فتح کے لیے مزید ایک رن بنانا تھا چوتھی گیند پر کوئی رن نہیں بنا جبکہ پانچویں پر سین ولیمز(26) رن آئوٹ ہوگئے۔ اب آخری گیند پر اگر کوئی رن نہ بنتا تو میچ سپر اوور میں چلا جاتا، ملک جمیل اپنی لینتھ کا خیال نہیں رکھ پائے، ووسی سبانڈا نے زوردار چھکا جڑ کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ اس سے قبل نیدرلینڈز نے 5 وکٹ پر 140 رنز اسکورکیے، ٹام کوپر 72 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، پراسپر اتسیا نے دو وکٹیں لیں۔دوسرے میچ میں آئرلینڈ نے ڈک ورتھ لوئس پر یو اے ای کو 21 رنز سے شکست دی، 124 رنز کے تعاقب میں آئرلینڈ نے 15 اوور کی دوسری گیند پر 103 رنز تین وکٹوں پر بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی کچھ دیر موسم بہتر ہونے کا انتظار کیا گیا پھر ڈی ایل کے تحت کیے جانے والے حساب میں آئرش سائیڈ مطلوبہ رنز سے کافی آگے ہونے کی وجہ سے فاتح قرار پائی۔ ایڈ جوائس نے 43 رنز بنائے۔ اس سے قبل یو اے ای نے 6 وکٹ پر 123 رنز بنائے، شیمان انور 30 اور امجد علی 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پال اسٹرلنگ اور کیون اوبرائن نے دودو وکٹیں لیں۔