وقار یونس کو نسیم شاہ میں ڈینس للی کی جھلک نظر آنے لگی

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 22 ستمبر 2022
(فوٹو: ٹوئٹر)  پیسر کا رن اپ بہترین،ایکشن کلاسک اور اسپیڈ بھی ہے،سابق کپتان

(فوٹو: ٹوئٹر) پیسر کا رن اپ بہترین،ایکشن کلاسک اور اسپیڈ بھی ہے،سابق کپتان

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس کو نسیم شاہ میں ڈینس للی کی جھلک نظر آنے لگی۔

وقار یونس نے کہا ہے کہ پاکستانی پیس بیٹری کو دیکھیں تو ہمیشہ ٹاپ پر جگہ بنانے کے امیدوار نظر آتے ہیں،میں نے جب نسیم شاہ کو پہلی بار دیکھا تو وہ مجھے مکمل پروڈکٹ نظر آئے، پیسرکریز تک بڑی روانی سے پہنچتے ہیں،ان کا رن اپ بہترین،کلاسک ایکشن اور اسپیڈ بھی ہے، نسیم کا ڈینس للی جیسا ایکشن ہے، آسٹریلیا ٹور سے قبل محمد عامر اور وہاب ریاض نے جانے سے انکار کیا تو میں نے سوچا کہ کیوں نہ کسی باصلاحیت نوجوان کو موقع دیا جائے،انھوں نے اپنی کارکردگی سے تاثر بھی چھوڑا۔

مزید پڑھیں: نسیم شاہ کے اندر میں اپنی جوانی دیکھتا ہوں، شان ٹیٹ

وسیم اکرم نے کہا کہ میں نسیم شاہ کا فالو تھرو پسند کرتا ہوں، گیند کرتے ہوئے ان کا پورا دبائو اگلی ٹانگ پر ہوتا ہے،اگلا بازو بھی مکمل فضا میں بلند رہتا ہے،اسی وجہ سے ان کو آؤٹ سوئنگ میں بھی مدد ملتی۔

انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ جیسا ایکشن پیسرز کیلیے بڑی اہمیت رکھتا ہے، ایشیا کپ میں انھوں نے نئی گیند سے بہترین ان سوئنگرز کیں، پیسر کو اعتماد اور مواقع دیے جائیں تو وہ پاکستان کیلیے کارنامے سرانجام دے سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: نسیم شاہ نے شاہین آفریدی کا کون سا ریکارڈ اپنے نام کرلیا؟

یاد رہے کہ ایشیا کپ میں بھارت کیخلاف ڈیبیو میچ میں نسیم شاہ نے بہترین اسپیل سے کیریئر کا آغاز کیا تھا،بعد ازاں بھی انھوں نے متاثرکن بولنگ کا مظاہرہ کیا،منگل کو کراچی میں انگلینڈ کیخلاف پیسر نے 41 رنز دیے مگر کوئی وکٹ حاصل نہیں کرپائے۔

قبل ازیں سابق آسٹریلوی پیسر شان ٹیٹ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ نسیم شاہ کے اندر میں اپنی جوانی دیکھتا ہوں لیکن نسیم شاہ اس عمر میں مجھ سے زیادہ با صلاحیت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔