کراچی بلڈر کے قتل میں ملوث 2 سگے بھائی سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار

سی ٹی ڈی نے نورس چورنگی کے قریب ٹارگٹڈ کارروائی میں قتل واقدام قتل میں ملوث انس زاہد حسین اوردانیال علی کو گرفتار کیا


Staff Reporter October 17, 2022
ملزمان کو مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے گلبہار پولیس کے حوالے کردیا گیا

سی ٹی ڈی سندھ نے سائٹ ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے بلڈرکے قتل میں ملوث 2 سگے بھائیوں کو گرفتارکرلیا۔

کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سندھ نے سائٹ اے کے علاقے نورس چورنگی کے قریب ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے قتل واقدام قتل میں ملوث 2 ملزمان انس زاہد حسین اوردانیال علی کو گرفتار کرلیا۔ دونوں ملزمان سگے بھائی ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیے: کراچی؛ ناظم آباد میں پلاٹ کے تنازع پر فائرنگ سے بلڈر قتل

انچارج سی ٹی ڈی مظہرمشہوانی کے مطابق گرفتار ملزمان نے چند روز قبل گلبہار تھانے کی حدود میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی کارروائی کے دوران بلڈر کاشف عرف للو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

گرفتارملزمان کے خلاف گلبہارتھانے میں مقدمہ الزام نمبر 2022/264 بجرم دفعہ 34/302 کے تحت درج کیا گیا تھا۔ انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید قانونی چارہ جوئی کے لیے گلبہار پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔