ورلڈ ٹی 20 ابتدائی راؤنڈ سے باہر ہونے پر آئرلینڈ کو صدمہ

نتائج مایوس کن ہیں، کوئی بھی تصور نہیں کرسکتا تھا، کیون اوبرائن


Sports Desk March 25, 2014
نتائج مایوس کن ہیں، کوئی بھی تصور نہیں کرسکتا تھا، کیون اوبرائن فوٹو: فائل

ورلڈ ٹوئنٹی20 کے ابتدائی راؤنڈ سے اخراج پر آئرلینڈ صدمے سے دوچار ہے، ماضی میں پاکستان، بنگلہ دیش ، انگلینڈ اور زمبابوے کیخلاف کامیابیاں حاصل کرنے والی ٹیم کے بیٹسمین کیون اوبرائن کیلیے حالیہ ایونٹ کے نتائج مایوس کن ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم میں سے کوئی بھی اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 سے اخراج کے بعد آئرلینڈ اپنی کارکردگی کے جائزے کیلیے طویل عرصے پر محیط ٹیم کے ڈھانچے اور حکمت عملیوں پر غور کرنے کیلیے تیار ہے۔ پاکستان، بنگلہ دیش ، انگلینڈ اور زمبابوے کیخلاف کامیابیاں حاصل کرنے والی ٹیم کے بیٹسمین کیون اوبرائن کو 2011 میں بنگلور میں بھی اسی قسم کی کیفیت کا سامنا تھا لیکن انھوں نے انگلینڈ کیخلاف سنچری بناکر فتح سمیٹ لی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک صدمے سے کم نہیں، ہم میں سے کوئی بھی اس کا تصور بھی نہیں کرسکتا تھا ، ہمارے پاس کسی بھی سوال کا کوئی جواب نہیں ہے۔ البتہ نتیجے سے مایوس ہونے کے باوجود کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹیو وارن ڈیوٹروم آئرلینڈ کو اسپورٹ کے اونچے مقام پر لیجانے کیلیے پرعزم ہیں۔ ڈیوٹروم کہتے ہیں کہ ایک موقع تھا جب ہر چیز نیدرلینڈز کے موافق تھی۔

میں نے کبھی بھی اس قسم کی بیٹنگ کارکردگی نہیں دیکھی، انھوں نے پہلی گیند کے ساتھ ہی جدوجہد کا آغاز کیا تھا۔ ڈیوٹرم کو اس بارے میں کوئی خدشہ نہیں کہ شکست اور جلد اخراج ان کی آرگنائزیشن پر کوئی منفی اثرات مرتب کرسکیں گے کیونکہ وہ آئی سی سی کو اپنا معاملہ پیش کرنے کی مسلسل کوشش کرتے رہیں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ کرکٹ سے منسلک افراد اس کا تجزیہ اور گذرے زمانے کی کارکردگی کو دیکھیں گے ، گذشتہ 4 ہفتوں میں ہم نے ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کو شکست سے دوچار کیا ہے ، دونوں آئی سی سی کے فل ممبرز اور یہ نتائج ایک ناقص بیٹنگ کی نظر نہیں ہوسکتے ہیں۔ گذشتہ برس کی غلطیوں نے جس میں آئرلینڈ کی پاکستان پر جیت میں ناکامی بھی شامل ہے پلیئرز کو مایوس کردیا تھا اور چار سینئر بولرز کے ایک وفد نے نومبر میں ابوظبی میں منیجمنٹ سے ملاقات میں تبدیلیوں کی درخواست کی تھی۔