جامعہ کراچیایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلے کیلیے این ٹی ایس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

یونیورسٹی کے تمام شعبوں کے سربراہوں کو دستیاب نشستوں کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے خطوط بھجوادیے گئے


Staff Reporter March 25, 2014
رواں سال ایم فل؍پی ایچ ڈی کے داخلے یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کے تحت لیے جائیں گے،ڈاکٹرغزالہ رضوانی فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے ایم فل؍پی ایچ ڈی کے داخلہ بھی نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کی بنیادپردینے کافیصلہ کیاہے اوراس سلسلے میں تمام شعبوں کے سربراہوں کودستیاب نشستوں کی۔

تفصیلات بھجوانے کے لیے خطوط بھجوادیے گئے ہیں، اس سے قبل جامعہ کراچی نے پہلی بار ماسٹرزاورآنرزکے داخلے این ٹی ایس کی بنیادپردیے تھے، قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرغزالہ رضوانی نے بتایاہے کہ وائس چانسلر ڈاکٹرقیصر آنرز اور ماسٹرز کے تحریری ٹیسٹ این ٹی ایس کے تحت لینے کے بعد اب ایم فل اورپی ایچ ڈی کے داخلے بھی این ٹی ایس کے تحت کرانے کاارادہ رکھتے ہیں تاہم داخلے این ٹی ایس سے کرانے کی منظوری باقاعدہ اکیڈمک کونسل سے لی جائے گی ،اس سال ایم فل؍پی ایچ ڈی کے داخلے یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کے تحت لیے جائیں گے اوربورڈ برائے اعلیٰ تعلیم وتحقیق یا شعبہ جاتی کمیٹیوں کا اس میں کردار نہیں ہوگا ۔

واضح رہے کہ ماضی میں این ٹی ایس کی جانب سے ایم فل؍پی ایچ ڈی کے داخلہ ٹیسٹ میں آنے والی شکایات کے پیش نظریہ ٹیسٹ خود ہی لینے شروع کردیے تھے جبکہ انجمن اساتذہ نے بھی این ٹی ایس سے ٹیسٹ کروانے پر اعتراض کیاتھاجس کے بعد جامعہ کراچی میں ایم فل؍پی ایچ ڈی کے داخلے بورڈ برائے اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے تحت سینئر پروفیسرز پر مشتمل ایک کمیٹی کرتی تھی جبکہ داخلہ ٹیسٹ متعلقہ شعبوں کے تحت ان کے سینئر پروفیسرز پر مشتمل کمیٹیاں لیتی تھی۔