رکن سندھ اسمبلی کے معاون کا قتل قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
پولیس کی جانب سے طحہ شیخ کیس میں تاحال اب تک کوئی ٹھوس پیش رفت سامنے نہ آسکی، مقتول کی والدہ
پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی، عہدیداروں اور کارکنوں نے طحہٰ شیخ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف سینٹرل پولیس آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا تاہم پولیس کی جانب سے مقتول کے اہلخانہ کی درخواست وصول کیے جانے کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسملی ، عہدیداروں اور فکس اٹ کے کارکنوں نے رکن سندھ اسمبلی عالمگیر خان کے کوآرڈینیٹر طلحہٰ شیخ کے قتل اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف سینٹرل پولیس آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ٹریفک کی روانی شدید متاثر
احتجاجی مظاہرے کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں حد سے زیادہ بڑھ گئی ہیں او پولیس شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔
آئی جی سندھ مقتول کے والدین سے ملاقات کریں، عالمگیر خان
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر طحہٰ شیخ کے قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔ احتجاج کے موقع پر رکن قومی اسمبلی اور فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ اور سیکریٹری داخلہ سندھ مقتول طحہٰ شیخ کے والدین سے ملاقات کریں اور اگر ان کی داد رسی نہ کی گئی تو اب احتجاج وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ کا قلمدان وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے پاس ہے وہ جوابدہ ہیں، مقتول طحہ شیخ میرا کوآرڈینیٹر تھا جسے 7 اکتوبر کو سچل کے علاقے ملک سوسائٹی میں گھر کے قریب فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، واقعہ کو گزرے 15 دن ہوگئے ہیں اور پولیس کی جانب سے کوئی خاطر خواہ کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی جبکہ ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی ہے۔
کیس میں تاحال اب تک کوئی ٹھوس پیش رفت سامنے نہ آسکی، مقتول کی والدہ
احتجاج کے موقع پر مقتول طلحہٰ شیخ کی والدہ کا کہنا تھا کہ واقعہ پر کب ایکشن لیا جایئگا ، قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے مجھے ان سے ملوایا جائے تاکہ میں ان سے پوچھ سکوں کی آخر میرے لخت جگر کو کیوں قتل کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے قتل کیس میں تاحال اب تک کوئی ٹھوس پیش رفت سامنے نہ آسکی ، ہمیں نہیں معلوم کس نے ہمارے میرے بیٹے کو فائرنگ کر نشانہ بنایا ، ہمیں فوری انصاف فراہم کیا جائے۔
بعدازاں ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ایس ایس پی سٹی شبیر سیٹھار نے احتجاج میں شامل مقتول طحہ شیخ کی والدہ سے ملاقات کی اور انہیں قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی جس کے بعد مظاہرین کی جانب سے احتجاج ختم کر دیا گیا۔