ریفریجریٹر میں بو کم کرنے، بیکٹیریا روکنے اور کھانا تازہ رکھنے والا انوکھا آلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 27 اکتوبر 2022
شیلفی نامی دستی آلہ ریفریجریٹر کی بو 80 فیصد کم کرکے بیکٹیریا کو کم کرسکتا ہے جس سے کھانا طویل عرصے تک تازہ رہتا ہے۔ فوٹو: بشکریہ کک اسٹارٹر

شیلفی نامی دستی آلہ ریفریجریٹر کی بو 80 فیصد کم کرکے بیکٹیریا کو کم کرسکتا ہے جس سے کھانا طویل عرصے تک تازہ رہتا ہے۔ فوٹو: بشکریہ کک اسٹارٹر

 نیویارک: دنیا میں ہرہفتے فریج میں رکھا ہزاروں لاکھوں کلوگرام کھانا، پھل اور سبزیاں کچرے میں پھینکی جاتی ہیں۔ اب ایک چھوٹا سا آلہ کھانے کو تادیر تازہ رکھتے ہوئے اس نقصان کو کم کرسکتا ہے اور دوسری جانب ریفریجریٹر کی بو بھی کم کرسکتا ہے۔

یہ ایک چھوٹا سا آلہ ہے جو فوٹوکیٹےلسٹ ٹیکنالوجی کے تحت کام کرتا ہے اورفریج میں رکھی ہر شے میں بو روکتا ہے اور بیکٹیریا کی پیداوار سست کردیتا ہے۔ اس طرح پھلوں، سبزیوں، کھانوں اور مشروبات وغیرہ کی معیاد بڑھ جاتی ہے۔ اس طرح خوراک کا خرچ کم ہوجاتا ہے اور کھانے کا زیاں بھی نہیں ہوتا۔

بس آپ کو اتنا کرنا ہوگا کہ چارج شدہ شیلفی آلہ آن کرکے فریج میں رکھ دیں۔ فریج میں اشیائے خوردونوش کی مقدار کے تحت آپ اس کے مختلف آپشن سیٹ کرسکتے ہیں۔ پھر نینومٹیریئل سےتیارشدہ فوٹوکیٹے لِسٹ فریج کی آلودگی، بیکٹیریا اور بو وغیرہ جذب کرنے لگتا ہے۔ بعد میں آپ سادہ پانی سے دھوکر اسے دوبارہ استعمال کرسکتے ہیں۔

اس میں لگے فلٹرز کی اطراف سرامک میٹیریئل لگایا گیا ہے جو اس کی افادیت بڑھاتا ہے۔ دوسری جانب بیٹری اور پنکھے کی باوجود یہ آواز خارج نہیں کرتا اور پرسکون انداز میں اپنا کام کرتا رہتا ہے۔ جب فریج کی اندرونی ہوا اس کےاندر سے ہوکر باہر نکلتی ہے تو فلٹر ہوجاتی ہے اور نتیجے کے طور پر بیکٹیریا اور بو کا یقینی خاتمہ ہوتا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ فریج کی بو کو 80 فیصد تک ختم کردیتا ہے اور بیکٹیریا کی تعداد دسویں حصے تک ہی رہ جاتی ہے۔ پھر آپ اسے ایپ سے دیکھ سکتے ہیں اور کںٹرول بھی کرسکتےہیں۔ اگر کوئی سبزی دس روز بعد مرجھانا شروع کردے تو شلیفی اس کی معیاد 22 روز تک بڑھا دیتا ہے۔ عام حالات میں اسٹرابری چوتھے روز خراب ہوجاتی ہے لیکن شیلفی اسے دس روز تک تروتازہ رکھتا ہے۔ اسی طرح ٹماٹر کی معیاد 14 روز سےبڑھا کر 22 روز تک نوٹ کی گئی ہے۔

مئی 2023 تک یہ ایجاد دستیاب ہوگی اور فی الحال کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ پر اس کی تعارفی قیمت 94 یورو یعنی 20 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔