28 ویں قومی ویمنز ہاکی چیمپئن شپ آج شروع ہوگی

واپڈا اعزاز کا دفاع کریگا، ایونٹ کا افتتاح سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو کریں گے


Sports Reporter March 26, 2014
واپڈا اعزاز کا دفاع کریگا، ایونٹ کا افتتاح سینئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو کریں گے۔ فوٹو: فائل

28 ویں قومی ویمنز ہاکی چیمپئن شپ بدھ سے ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم میں شروع ہورہی ہے۔

پاکستان واپڈا اپنے اعزاز کا دفاع کریگی جبکہ سندھ، پنجاب کی 2،2 ،بلوچستان، خیبرپختونخوا، پاکستان ریلوے، پاکستان آرمی اور ہائرایجوکیشن کمیشن کی ٹیمیں بھی ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہی ہیں ہیں، قومی ویمن ہاکی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 5 خواتین امپائرز کو امپائرنگ پینل میں شامل کیا گیا ہے، چیمپئن شپ میں ابتدائی روزبدھ کو5میچ کھیلے جائیں گے، پاکستان آرمی کا بلوچستان ، پنجاب وائٹس کا سندھ وائٹس ، پنجاب کلرز سندھ کلرز، دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا کا خیبر پختونخوا اور پاکستان ریلویزکا مقابلہ ایچ ای سی سے ہوگا، ا یونٹ کے سیمی فائنلز3 اپریل اور فائنل 4 اپریل کو کھیلا جائے گا، پی ایچ ایف کے قوانین کے تحت30سال سے زائد العمر کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی ہوگی، 10 ٹیموں کے ایونٹ کا افتتاح سینئر صوبائی وزیر سندھ نثاراحمد کھوڑو کریں گے۔

ویمن ونگ کی صدر خوش بخت شجاعت اور سیکریٹری تنزیلہ عامر چیمہ نے28 ویں قومی ویمن ہاکی چیمپئن شپ کے حوالے سے ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ ایف کا خزانہ خالی ہونے کی وجہ سے قومی ویمنز ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد میں شدید دشواریاں پیش آرہی ہیں، انھوں نے کہا کہ قومی ویمن جونیئر ٹیم کو رواں سال اگست میں تھائی لینڈ کے شہربنکاک میں ہونیوالی ایشین جونیئر چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے فنڈز کی ضرورت ہے، حکومتی تعاون کے بغیر قومی کھیل کی ترقی ممکن نہیں، انھوں نے کہا کہ قومی سینئر ویمن ٹیم کو اپریل میں ہالینڈ کے دورے پر بھیجا جائے گا تاکہ اسے عالمی ہاکی کا تجربہ حاصل ہوسکے، قومی ویمن ہاکی کے فروغ کے لیے رواں سال قومی سطح پر انٹراسکول، صوبائی سطح پر ریجنل اور ڈویژنل سطح پر انٹر کالجیٹ ہاکی ٹورنامنٹ بھی منعقد کیے جائیں گے۔