وزیراعظم کل اپنے پہلے دورۂ چین پر روانہ ہوں گے اہم معاہدے متوقع

دورے سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی رفتار مزید بڑھنے کی توقع ہے


ویب ڈیسک October 31, 2022
وزیراعظم شہباز شریف، چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے (فوٹو فائل)

وزیراعظم شہباز شریف کل یکم نومبر کو اپنے پہلے دورۂ چین روانہ ہوں گے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین کئی اہم معاہدے بھی متوقع ہیں۔

11 اپریل 2022ء کو منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا یہ پہلا دورۂ چین ہے، جس کی دعوت چین کی ریاستی کونسل کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے دی تھی۔ حالیہ دورے میں دونوں ممالک کے مابین تجارت اور معاشی تعاون سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ازبکستان میں 16 ستمبر 2022ء کو بھی ملاقات ہوئی تھی۔

وزیراعظم ہاؤس کے مطابق کمیونسٹ پارٹی چین کی بیسویں نیشنل کانگریس کے تاریخی انعقاد اور صدر شی جن پنگ کے تیسری بار جنرل سیکرٹری منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف چین کا دورہ کرنے والے اولین رہنماؤں میں شامل ہیں۔ اس موقع پر اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ہو گا۔

یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان قیادت کی سطح پر مسلسل رابطوں کی کڑی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے میں چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے۔ دونوں ممالک کے قائدین سدا بہار آزمودہ اسٹرٹیجک کوآپریشن پارٹنرشپ کا جائزہ لیں گے۔ اس سلسلے میں ہونے والی ملاقاتوں اور اجلاسوں میں علاقائی اور عالمی سطح پر صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔

دورے سے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے پر پیش رفت متوقع ہے جب کہ مفاہمت کی متعدد یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے۔ دورے سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی رفتار مزید بڑھنے کی توقع ہے۔

مقبول خبریں