زرداری نے سوئس حکام سے بینظیر کے ضبط زیورات مانگ لیے سیکریٹری قانون مخالفت کریں گے

زیورات 1997 سے ضبط ہیں، سوئس اٹارنی نے10دن میں جواب مانگا ہے،فرانسس مچلی کاخط


Numainda Express March 27, 2014
3 لاکھ 23 ہزار ڈالر کا ایک قیمتی ہار ودیگرجیولری شامل ہے، وفاقی سیکریٹری قانون نے بھی تصدیق کردی۔ فوٹو: فائل

GILGIT: سابق صدرآصف زرداری نے سوئس حکام کی طرف سے1997میں قبضے میں لیے گئے بے نظیربھٹوکے قیمتی زیورات واپس مانگ لیے تاہم سیکریٹری قانون کاکہنا ہے کہ درخواست کی مخالفت کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈمیں پاکستان کے وکیل فرانسس مچلی نے وزارت قانون اور پاکستانی لافرم احمرسٹ براؤن کواپنے ایک خط میں بتایاکہ سابق صدر آصف زرداری نے ایک آف شورکمپنی بومر فنانس کے ذریعے سابق وزیراعظم بینظیربھٹوکی قیمتی جیولری واپس مانگی ہے جس میں3لاکھ23ہزار ڈالر مالیت کاایک قیمتی ہار اوردیگر بیش قیمت جیولری شامل ہے۔واضح رہے کہ یہ جیولری سوئس حکام نے1997میں ایس جی ایس اینڈکوٹیکنااسکینڈل کی تفتیش میں قبضے میں لی تھی،2008میں این آر او قانون کے باعث کیس کی فائلیں بندہوگئیں مگرجیولری کا کوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔

فرانسس مچلی نے بتایاکہ سوئٹزرلینڈکے اٹارنی نے10دن میں جواب مانگاہے حکومت پاکستان انھیں بتائے وہ عدالت میں کیامؤقف اختیارکریں،اس حوالے سے رابطہ کرنے پر وفاقی سیکریٹری قانون رضاخان نے خط کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ بینظیر کی جیولری واپس لینے کی آصف زرداری کی درخواست کی مخالفت کریں گے۔