دواساز کمپنی کے سابق مالک اور دیگر کو اقبال جرم پر سزا

ملزمان کی جانب سے جرمانے کی ادائیگی پر انھیں رہا کردیا گیا


Staff Reporter September 15, 2012
کورٹ نے غیرمعیاری اور ناقابل فروخت ادویہ فروخت کرنے کے الزام میں مقامی میڈیکل اسٹور کے مالک یامین آرائیں کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں۔ فوٹو: فائل

ڈرگ کورٹ نے حیدر آباد کی مقامی دواساز کمپنی کے سابق مالک عبدالغفار، کوالٹی کنٹرول انچارج سبین عثمان اور موجودہ انتظامیہ کے امتیاز اور حیدر زیدی کو جرم قبول کرنے پر کورٹ کے برخاست ہونے تک حراست میں رکھنے کا حکم دیا۔

2 لاکھ40 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، ملزمان کی جانب سے جرمانے کی ادائیگی پر انھیں رہا کردیا گیا۔

دریں اثنا عدالتی حکم عدولی پر محکمہ صحت کی ڈرگ انسپکٹر مسماۃ فرزانہ میمن کو چیف ڈرگ انسپکٹر سندھ کے توسط سے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 ستمبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔

مذکورہ ڈرگ انسپکٹر نے مٹیاری میں واقع میڈیکل اسٹور پر چھاپہ مارا تھا اور ممنوعہ ادویہ فروخت کرنے کے الزام میں عبدالغفار اور عبداﷲ کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا تاہم ڈرگ انسپکٹر گواہی کیلیے عدالت میں پیش نہ ہوئے، علاوہ ازیں اسی کورٹ نے غیرمعیاری اور ناقابل فروخت ادویہ فروخت کرنے کے الزام میں مقامی میڈیکل اسٹور کے مالک یامین آرائیں کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں۔