کوئٹہ میں ٹرک پر چھاپہ، 12 کروڑ روپے کا بھارتی گٹکا برآمد

احتشام مفتی  منگل 22 نومبر 2022
گٹکا قلعہ سیف اللہ سے لوڈ کیا گیا، ٹرک کو تحفظ دینے کیلیے آس پاس تین گاڑیاں سفر کررہی تھیں، ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس (فوٹو : ایکسپریس)

گٹکا قلعہ سیف اللہ سے لوڈ کیا گیا، ٹرک کو تحفظ دینے کیلیے آس پاس تین گاڑیاں سفر کررہی تھیں، ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس (فوٹو : ایکسپریس)

کسٹم نے کوئٹہ ایئرپورٹ کے قریب ٹرک پر چھاپے میں 12 کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ بھارتی گٹکا برآمد کرلیا جس پر واجب الادا ٹیکس کی مالیت 5 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس نے موصول ہونے والی ایک خفیہ اطلاع پر کوئٹہ ایئر پورٹ کے قریب ایک کامیاب کارروائی کے دوران بھاری مالیت کا بھارتی نشہ آور گٹکا برآمد کرلیا۔

انہوں ںے بتایا کہ اسمگل شدہ گٹکا قلعہ سیف اللہ سے ٹرک میں لوڈ کیا گیا تھا، برآمد ہونے والے گٹکے کی مالیت 12 کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ انڈین گٹکے پر ڈیوٹی اور ٹیکس چوری کی مالیت 5 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد ہے، کسٹم انٹیلی جنس آفیسر کی مدعیت میں 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے برآمد ہونے والے انڈین اسمگلڈ گٹکا ضبط کرلیا گیا ہے۔

indian gutka 1

ڈی جی کسٹمز نے بتایا کہ موصولہ خفیہ اطلاع کے بعد کسٹمز انٹیلی جنس کی ایک چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی جس نے ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ پر جانے والے ایک ٹرک نمبر TAL-643 کا مسلسل پیچھا کیا کیونکہ اس ٹرک کو اطراف میں چلنے والی تین مختلف گاڑیوں میں سوار افراد باقاعدہ تحفظ فراہم کررہے تھے۔

indian gutka 2

ان کے مطابق اس خطرناک صورتحال کے باوجود کسٹمز انٹیلی جنس کی چھاپہ مار ٹیم نے ٹرک کو مداخلت کرتے ہوئے روک کر اس کی تلاشی لی تو ٹرک سے مجموعی طور پر 7 کروڑ 77 لاکھ روپے مالیت کا بھارتی گٹکا برآمد ہوا جس میں 5 کروڑ 7 لاکھ 50 ہزار مالیت کے ایف او آداب گٹکے کے 580 پارسل اور 2 کروڑ 69 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کے زیڈ 21 گٹکے کے 350 پارسل برآمد ہوئے۔

indian gutka 3

ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس نے مزید بتایا کہ چھاپے میں برآمد ہونے والے  گٹکے پر کسٹم ڈیوٹی و دیگر ٹیکسوں کی مد میں 5کروڑ 55لاکھ کی چوری کی گئی جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے ٹرک کی مالیت ایک کروڑروپے بتائی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔