پیٹرنز ٹرافی گریڈ ٹوعرفان جونیئر نے سوئی سدرن کو چیمپئن بنا دیا

سی ڈی اے کے تمام بیٹسمین محمد عرفان جونیئر کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے رہے،


Sports Desk March 30, 2014
عرفان جونیئر نے حریف بیٹنگ لائن کو سوکھے پتوں کی طرح بکھیر کر رکھ دیا فوٹو: فائل

عرفان جونیئر نے سوئی سدرن گیس کو پیٹرنزٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ کا چیمپئن بنا دیا۔ لیفٹ آرم اسپنر سی ڈی اے کیخلاف صرف 26 رنز کے عوض 9 لے اڑے، ابتدائی 2 روز تک مسلسل خسارے سے دوچار ٹیم 6 وکٹ سے سرخرو ہوگئی، نئے کوچ عتیق الزماں کی محنت رنگ لے آئی، فاتح ٹیم آئندہ برس فرسٹ کلاس ایونٹ میں حصہ لے گی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں4 روزہ میچ کے تیسرے روز سوئی سدرن گیس نے7 وکٹ پر 298 رنز سے نامکمل پہلی اننگز کا آغاز کیا، سیف اللہ نے 62 اور عرفان جونیئر نے 42 رنز کے ساتھ میدان سنبھالا، عرفان اسکور میں مزید 18 رنز کے اضافے سے 60 پر پویلین لوٹ گئے، دوسرے اینڈ پر موجود سیف اللہ نے بہادری کے ساتھ حریف بولرز کے تمام حملوں کو نہ صرف ناکام بنایا بلکہ سنچری بھی مکمل کی، وقت کی کمی کے پیش نظرکپتان نے 8 وکٹ پر 376 رنز بنانے کے بعد اننگز ڈیکلیئرڈکرنے کا فیصلہ کیا، 40 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری باری کا آغاز کرنے والی سی ڈی اے کی ٹیم ابتدا میں ایسی لڑکھڑائی کہ پھر سنبھلنے کا موقع نہ ملا۔

تمام بیٹسمین محمد عرفان جونیئر کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے رہے، انھوں نے حریف بیٹنگ لائن کو سوکھے پتوں کی طرح بکھیر کر رکھ دیا، لیفٹ آرم اسپنر نے صرف 26 رنز دے کر 9 وکٹیں اڑائیں، حریف سائیڈ کی بساط صرف 61 رنز پر لپٹ گئی، ناصر ملک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ پہلی اننگز میں 180 رنز کی شاندار اننگز سے ٹیم کا اسکور 416 تک پہنچانے میں مدد دینے والے فیضان ریاض کی مزاحمت صرف 13 تک محدود رہی، دیگر کوئی بھی کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرپایا۔ سوئی سدرن گیس نے 101 رنز کا ہدف21.2 اوورز میں 4 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا، اویس ضیا 29 رنزکے ساتھ نمایاں رہے، پہلی کاوش میں ناقابل شکست سنچری بنانے والے سیف اللہ نے بغیر آؤٹ ہوئے11 اور منصور امجد نے 19رنز اسکور کیے، کامران حسین 50 رنز کے بدلے 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔میچ میں امپائرنگ کے فرائض اکمل حیات اور رانا ظہیر احمد نے انجام دیے، ریفری اشرف علی تھے۔