عوام حکومتی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں

حکمرانوں سے نجات کیلیے ہمیں رسول اکرمؐ کے اسوہ حسنہ کی پیروی کرنا ہوگی،قاضی حسین


Staff Reporter September 15, 2012
سانحہ بلدیہ ٹائون کی تحقیقات اور ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے فوٹو: فائل

ملی یکجہتی کونسل کے صدر اور سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ ملک کے عوام حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

بلدیہ ٹائون کے سانحے نے پوری قوم کو سوگوار کردیا ہے، حکمراں لڑائو اور حکومت کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، ان حکمرانوں سے نجات کیلیے ہمیں رسول اکرمؐ کے اسوہ حسنہ کی پیروی کرنا ہوگی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضلع غربی کے زیراہتمام اتحاد امت علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ یہ دشمنوں کی سازش ہے کہ لسانی اور علاقائی انتشار پیدا کرکے قوم کو فرقوں میں تقسیم کردیا جائے۔

ملک سے سرمایہ اور ہنر باہر جارہا ہے، کارخانے بند ہورہے ہیں، کنونشن سے محمد اسحاق خان، محمد لئیق خان، عبدالرزاق، حمید اللہ خان ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی مقتل بن گیا ہے، نہ کوئی مسجد محفوظ ہے اور نہ کوئی مدرسہ، حکومت مفاہمت کے نام پر قاتلوںکی سرپرستی کررہی ہے۔

دریں اثنا قاضی حسین احمد نے جمعہ کو بلدیہ ٹائون میں آتشزدگی کا شکار ہونے والی فیکٹری کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے حادثے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ہلاکتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ حادثے کی اعلی سطحی تحقیقات کرائی جائے اور ذمہ داران کا تعین کرکے ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔