احمد شہزاد ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچری اسکور کرنے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے، انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف ناقابل شکست 111 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔
اس سے قبل بھی پاکستان کی جانب سے بڑی ٹوئنٹی 20 اننگز کا اعزاز انہی کے پاس تھا جوکہ انھوں نے زمبابوے کے خلاف گذشتہ برس ناٹ آئوٹ 98 رنز اسکور کرکے قائم کیا تھا۔ یہ اس فارمیٹ کے انٹرنیشنل مقابلوں میں 12 ویں سنچری ہے، ٹاپ پر آسٹریلیا کے ایرون فنچ ہیں جنھوں نے انگلینڈ کے خلاف 63 بالز پر 156 رنز اسکور کیے تھے۔ ورلڈ ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹس میں پاکستان کے ٹاپ 5 میں سے 4 بڑے انفرادی اسکور بنگلہ دیش کے خلاف ہی بنے، عمر اکمل نے گذشتہ مقابلے میں آسٹریلیا کے خلاف 94 رنز بنائے اس سے قبل 2010 کے ایونٹ میں اوپنرز کامران اکمل اور سلمان بٹ نے 73، 73 رنز بنائے تھے جبکہ 2012 میں عمران نذیر نے 72 کی اننگز کھیلی تھی۔
احمد شہزاد نے 30 بالز پر ففٹی بنائی اس طرح انھوں نے اپنا سابق ریکارڈ بہتر کیا جوکہ 2010 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 32 بالز پر ففٹی کا تھا۔ پاکستان نے یہ میچ 50 رنز سے جیت کر رنز کے حساب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں آٹھویں بڑی فتح کا ریکارڈ برابر کیا، اس فارمیٹ میں پاکستان کی سب سے بڑے مارجن سے فتح نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ میں 2010 میں سامنے آئی جب گرین شرٹس 103 رنز سے جیتے تھے۔ مشرفی مرتضیٰ نے اپنے 4 اوورز میں 63 رنز دیے جوکہ اس طرز میں ایک بولر کی دوسری بڑی پٹائی ہے، اس سے قبل روبیل حسین نے بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف 2010 میں اتنے ہی رنز دیے تھے جبکہ سب سے زیادہ رنز دینے کے ریکارڈ جیمز اینڈرسن اور سنتھ جے سوریا کے پاس ہیں جنھوں نے بالترتیب آسٹریلیا اور پاکستان کے خلاف 64، 64 رنز دیے۔