سیمی فائنل یا گھر واپسی سری لنکا اور نیوزی لینڈ کیلیے فیصلے کا وقت آگیا

انگلش ٹیم نیدرلینڈز سے 2009 کی شکست کا انتقام لینے کی خواہاں ، گروپ ون سے جنوبی افریقہ پہلے ہی فائنل فور میں پہنچ چکا


Sports Desk March 31, 2014
گروپ ون سے جنوبی افریقہ پہلے ہی فائنل فور میں پہنچ چکا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

RAWALPINDI: ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان گروپ ون کا اہم ترین مقابلہ پیر کو ہوگا، دونوں ٹیموں کو 'فتح پائو یا گھرجائو'کا چیلنج درپیش ہے، جو ٹیم جیتے گی وہی سیمی فائنل کھیلے گی۔

اسی روز پہلا مقابلہ انگلینڈ اور نیدرلینڈز میں رسمی کارروائی ثابت ہوگا، انگلش ٹیم ڈچ سائیڈ سے 2009 کی شکست کا بدلہ لینے کی خواہاں ہے۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے گروپ ون میں سے جنوبی افریقہ چار میں سے 3 فتوحات کے ساتھ پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بک کراچکا ہے جبکہ سری لنکا اور نیوزی لینڈ دونوں ہی تین میں سے دو،دو میچز جیت چکے ہیں، اب ان دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلے کا فاتح ہی فائنل فور میں جگہ پائے گا، آئی لینڈرز اپنے اسپن اٹیک سے کیویز کا شکار کھیلنے کے لیے پرعزم ہیں جبکہ ایک بار پھر لسیتھ مالنگا ٹیم کے لیے آخری اوورز میں تباہی مچانے کے لیے تیار ہیں قائم مقام کپتان لسیتھ مالنگا کا کہنا ہے کہ ہم اس مقابلے کی اہمیت سے اچھی طرح واقف اور کسی قسم کی غلطی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کو بھی اپنی بیٹنگ اور بولنگ پر کافی بھروسہ ہے نیدرلینڈز کے خلاف کپتان برینڈن میک کولم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا، وہ اس بار بھی ٹیم کی فتح کے لیے پراعتماد ہیں۔ ان دونوں ٹیموں سے قبل انگلینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان مقابلہ ہوگا، 2009 میں لارڈز میں کھیلے گئے ورلڈ ٹوئنٹی20 میچ میں نیدرلینڈز نے انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا، انگلش ٹیم جہاں اس غیراہم مقابلے میں پانچ برس پرانی شکست کا بدلہ لینے کی خواہاں ہے وہیں ڈچ کھلاڑی بھی تاریخ ایک بار پھر سے دہرانے کا عزم لیے ہوئے ہیں۔ انگلش کپتان اسٹورٹ براڈ کے گھٹنے کی تکلیف بڑ ھ چکی ہے اس لیے ان کی جگہ کرس ووئکس ٹیم کی قیادت کرسکتے ہیں جبکہ ڈیرن بیچ کو ڈراپ کرکے اسپنر اسٹیفن پیری کو میدان میں اتاراجاسکتا ہے۔ اگر براڈ یہ میچ کھیلے تو 2009 کا تاریخی میچ کھیلنے والے 5 کھلاڑی ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گے ان میں انگلینڈ کے براڈ، بوپارا اور ایون مورگن جبکہ نیدرلینڈز کے بورین اور سیلار شامل ہیں۔