آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے دوسرے  مرحلے کی پولنگ ختم، گنتی کا عمل جاری

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 دسمبر 2022
پولنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوگئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی (فوٹو فائل)

پولنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوگئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی (فوٹو فائل)

آزاد جموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں دوسرے مرحلے میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی اور غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹنگ کا عمل صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا اور اس دوران کسی بھی مقام پر کوئی ناخوشگوار واقعہ دیکھنے میں نہیں آیا، مقررہ وقت تک پولنگ اسٹیشن کے اندر داخل ہونے والوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے کے دوران پونچھ ڈویژن میں 10 لاکھ 17 ہزار 375 رجسٹرڈ رائے دہندگان اپنا ووٹ ڈالنے کا حق استعمال کیا۔ ان ووٹرز میں 5 لاکھ 37 ہزار 159 مرد اور 4 لاکھ 79 ہزار 854 خواتین رائے دہندگان شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات، پی پی 84، پی ٹی آئی 79 ، ن لیگ 75، نشستوں پر کامیاب

پونچھ ڈویژن کے 4 اضلاع (باغ، پلندری، حویلی اور راولاکوٹ) کی 88 یونین کونسلز، 4 ضلع کونسلز، 2 میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں اور 5 ٹاؤن کمیٹیوں کے کل 787 وارڈز سے 1820 آزاد اور 15 سیاسی پارٹیوں کے 2039 نامزد امیدوار (مجموعی تعداد 3859) کے مابین مقابلہ ہوا، جن میں 8 خواتین بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں پونچھ ڈویژن میں 12 امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے لیے 1867 پولنگ اسٹیشنز اور 2697 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے جب کہ سکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے 547 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 406 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: بلدیاتی انتخابات کیلیے گھر واپس جانے والوں کی گاڑی کو حادثہ، 2 جاں بحق

بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے لیے جاری پولنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوگئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ اس مو قع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں حالات سے نمٹنے کے لیے 9 ہزار سے زائد پولیس اہل کار سکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔